Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پولیو فری پاکستان کے لیے نئے سرے سے کوششوں کو یقینی بنانا ہوگا، شہباز شریف

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کو پولیو سے پاک کرنے کے لیے جان کی بازی ہار جانے والے ہیلتھ ورکرز کوحقیقی ہیروز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو پولیو کے مرض سے پاک کرنے کے لیے متحد ہو کر نئے سرے سے کوششوں کو یقینی بنانا ہوگا۔
سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے مطابق جمعرات کوانسداد پولیو کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیو فری پاکستان کے ضمن میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے غیرمتزلزل اور آہنی عزم کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’سعودی عرب نے بھی کئی سوملین ڈالر کا اعلان کیا ہے جس پر ہم سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلاتے ہوئے 28 اکتوبر سے انسداد پولیو کی قومی مہم کا باضابطہ آغاز بھی کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’آج ہم انسداد پولیو کاعالمی دن اس تلخ حقیقت کے ساتھ منا رہے ہیں کہ ملک میں ایک بار پھر پولیو وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں، ہم سب اس بارے آگاہی کے لیے یہاں جمع ہوئے ہیں، اس لعنت اور صحت کے عالمگیر چیلنج کے خاتمہ کے لیے ہمیں ایک بار پھر اپنی کوششوں اور ٹیم ورک کے ساتھ مل کر اس جنگ میں کامیابی تک مل کر کام کرنا ہوگا، ہم نے ماضی میں بھی اس اس حوالہ سے کام کیا تھا اور مستقبل میں بھی کریں گے۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’بدقسمی سے پولیو کے 40 کیسز سامنے آئے ہیں، ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک یہ وائرس پاکستان کی سرحدوں سے چلا نہیں جاتا، یہ ایک چیلنج ہے اور ہم نے اسے قبول کر لیا ہے، پولیو ورکرز اس کا ہراول دستہ ہے۔

شیئر: