Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا فلم ’پُشپا 2‘ نے ریلیز سے پہلے ہی ایک ہزار کروڑ کما لیے؟

’پُشپا 2‘ دسمبر کی پانچ تاریخ کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی (فوٹو: پُشپا، یوٹیوب)
معروف تیگلو اداکار الو ارجن اور اداکارہ راشمیکا مندانہ پر فلمائی گئی فلم ’پُشپا 2 دی رُول‘ ریلیز سے پہلے ہی سرخیوں میں ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ’پُشپا 2‘ نے ریلیز سے پہلے کے کاروبار میں ایک ہزار کروڑ انڈین روپے کما لیے ہیں۔
فلم کے تخلیق کار روی شنکر نے فلم کی ریلیز سے پہلے کے کاروبار کی تفصیلات بتا دی ہیں۔
فلم کے تخلیق کاروں روی شنکر اور ناوین یرنینی نے حیدر آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ’پُشپا 2‘ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کیا۔
فلم سازوں کے مطابق ’پشپا 2‘ دسمبر کی پانچ تاریخ کو ریلیز کی جائے گی۔
اس پریس کانفرنس میں فلم سازوں کی جانب سے یہ دعوی بھی کیا گیا کہ فلم ریلیز سے پہلے کے کاروبار کے تحت ایک ہزار کروڑ کما چکی ہے۔
اس کمائی کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے روی شنکر نے بتایا کہ فلم نے غیرسینمائی بنیادوں پر اب تک چار سو 25 کروڑ انڈین روپوں کا کاروبار کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’جب اس میں سینمائی بنیادوں پر کی جانے والی کمائی جمع کی جائے تو فلم کی کُل کمائی کا ہجم تقریبا ایک ہزار کروڑ سے زائد بنتا ہے۔‘
سین لنک ڈاٹ کام کے مطابق فلم کی سینمائی حقوق کا اندازہ چھ سو کروڑ بنتا ہے۔
جبکہ مختلف سٹریمنگ پلیٹ فارمز کے حقوق کا تخمینہ 275 کروڑ اور سیٹلایٹ حقوق کا تخمینہ 85 کروڑ انڈین روپے بنتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق فلم کی موسیقی اور گانوں کے حقوق 65 کروڑ انڈین روپوں کے عوض بیچے گئے ہیں۔
پریس کانفرنس میں فلم سازوں کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا کہ ’پُشپا 2‘ تیگلو، ہندی، تامل، کناڈا، ملیالم اور بنگالی زبان میں ریلیز کی جائے گی۔
فلم سازوں کو اُمید ہے کہ ’پُشپا 2‘ تاریخ ساز کاروبار کرے گی۔

شیئر: