جب نیا سال آتا ہے تو لوگ جشن مناتے ہیں، کچھ خراب عادتوں سے چھٹکارا چاہتے ہیں، کچھ نئے کی تلاش میں ہوتے ہیں اور کئی عہدو پیمان باندھتے ہیں۔
انڈیا کی ایک معروف اداکارہ جو آج پورے 50 سال کی ہو رہی ہیں انہوں نے مثال قائم کرتے ہوئے اپنے پرستاروں کی حوصلہ افزائی کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ورزش کی اپنی ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا: ’اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ چھٹیاں منا رہے ہیں یا دفتری کام پر مامور ہیں، آپ کو خود کو بہتر، مضبوط اور صحت مند بنانا ہوگا۔ اگر آپ خود کو چیلنج نہیں کرتے تو آپ خود کو تبدیل نہیں کرسکتے ہیں۔ اس لیے ہمت نہ ہاریں، ثابت قدم رہیں اور خود کو پُش کریں۔ خود سے محبت سے بہتر کوئی محبت نہیں ہے۔‘
مزید پڑھیں
-
محمد سراج اور زینائی بھوسلے کا تعلقات کی تردید کا انوکھا طریقہNode ID: 885031
-
لاہور سینیما کے 100 سال: ’یہاں آرٹ کی سُست موت ہوئی ہے‘Node ID: 885092
ہم ’پرک گرل‘، ’لرل گرل‘، ’پریٹی گرل‘ پریتی زنٹا کی بات کر رہے ہیں جنہوں نے کبھی اداکارہ بننے کی خواہش نہیں کی تھی لیکن نہ صرف وہ اس میدان میں آئیں بلکہ آتے ہی تہلکہ بھی مچا دیا۔
چاہ زنخداں یعنی گال پر گڑھے والی اس اداکارہ کو جب پہلا بریک ملا تو انہوں نے قسمت کے کھیل میں یقین کرنا شروع کر دیا اور کہا کہ وہ اس شعبے میں جا رہی ہیں جہاں کبھی جانے کی انہوں نے کوئی تمنا یا تیاری نہیں کی۔
31 جنوری 1975 کو انڈیا کی پہاڑی ریاست ہماچل پردیش کے ضلع شملہ میں ایک فوجی کے گھر پیدا ہونے والی پریتی نے انگریزی زبان و ادب میں گریجویشن کیا اور کرمنل سائیکالوجی یعنی مجرمانہ نفسیات میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی لیکن محض ایک اتفاق کے سبب وہ پہلے ماڈلنگ اور پھر سلور سکرین کی دنیا میں چلی آئیں۔
کہتے ہیں کہ ایک دوست کی سالگرہ پر اتفاق سے ان کی ملاقات ایک ہدایتکار سے ہوئی جنہوں نے پریتی زنٹا کو اس بات پر قائل کیا کہ وہ آڈیشن کے لیے جائیں اور انہیں منتخب کر لیا گیا۔ اس وقت وہ کوئی 21 سال کی تھیں اور یہ پرک چاکلیٹ کا اشتہار تھا جس میں لوگوں نے پہلی بار پریتی زنٹا کو دیکھا۔
![](/sites/default/files/pictures/January/36486/2025/screenshot_2025-01-31_at_10.52.49.png)
اس کے بعد اپنی ایک سہیلی کے ساتھ اُن کے آڈیشن کے لیے وہ ایک سٹوڈیو پہنچيں جہاں انہیں معروف فلم ساز شیکھر کپور نے دیکھا اور کہا کہ وہ خود کیوں آدیشن میں شریک نہیں ہوتیں۔ اور پھر ان کا آڈیشن دیکھ کر انہوں نے پریتی زنٹا کو فلموں میں آنے کی ترغیب دی۔
یہ فلم ریتک روشن کے ساتھ ’ترا را پم پم‘ تھی جو کہ منسوخ کر دی گئی لیکن پھر شیکھر کپور نے انہیں معروف فلم ساز منی رتنم سے متعارف کرایا اور اس طرح ان کی پہلی فلم شاہ رخ خان کے ساتھ ’دل سے‘ آئی جس میں اداکارہ منیشا کوئرالہ اہم کردار میں تھیں اور پریتی زنٹا کو محض 20 منٹ کا رول ملا تھا لیکن وہ ناظرین پر اپنی چھاپ چھوڑنے میں کامیاب رہیں۔
اسی سال پریتی زنٹا کی دھرمیندر کے بیٹے اداکار بابی دیول کے ساتھ فلم ’سولجر‘ آئی جس سے وہ راتوں رات مشہور ہو گئیں اور ان دونوں فلموں کی وجہ سے انہیں فلم فیئر کا بہترین ڈیبو کرنے والی اداکارہ کے ایوارڈ کا حقدار قرار دیا گيا۔ اس کے بعد سے انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔
پریتی زنٹا کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ بے باک ہیں اور اپنی بات رکھنے میں پیچھے نہیں رہتیں لیکن شیکھر کپور کے ساتھ ان کی قربتوں نے اس وقت ہنگامہ برپا کیا جب شیکھر کپور کی اہلیہ سوچترا کرشنامورتی نے ایک انٹرویو میں اپنی شادی کے ٹوٹنے کا الزام ایک ’مٙین ایٹر‘ یعنی مرد خور پر لگایا۔ انہوں نے اگرچہ پریتی کا نام نہیں لیا لیکن پھر بعد میں انہوں نے کہا کہ وہ پریتی ہی تھیں جن کی وجہ سے ان کی شادی اور ان کا گھر ٹوٹا۔
بہر حال پریتی نے بھی ان پر تنقید کرنے سے گریز نہیں کیا اور انہیں طنز کرتے ہوئے ’ہوم میکر‘ کہا۔
معروف اداکار اکشے کمار کے ساتھ انہوں نے فلم ’سنگھرش‘ میں اس وقت کام کیا جب کئی دوسری چوٹی کی اداکاراؤں نے اس کردار کو مسترد کر دیا۔
![](/sites/default/files/pictures/January/36486/2025/screenshot_2025-01-31_at_10.55.53.png)