تصاویر لینے کی کوشش میں امریکی خاتون جہاز کے پنکھے سے ٹکرا کر ہلاک
منگل 29 اکتوبر 2024 19:24
حکام کے مطابق امنڈا گالاگھر کو ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئیں۔ (فوٹو: اے بی سی 7 نیوز)
امریکی حکام نے کہا ہے کہ ریاست کنساس کی 37 سالہ خاتون تصاویر لینے کی کوشش میں جہاز کے پنکھے (پروپیلر) سے ٹکرا کر ہلاک ہو گئیں۔
امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی 7 نیوز نے ائیر کیپٹل ڈراپ زون، جہاں یہ واقعہ پیش آیا، کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ فوٹوگرافر امنڈا گالاگھر سنیچر کی دوپہر کو سکائی ڈائیورز کی تصاویر لینے کے لیے ہوائی جہاز میں موجود تھیں، اور سکائی ڈائیورز کے چھلانگ لگانے کے بعد وہ اپنی جگہ پر واپس آ گئیں۔
ایئر کیپٹل ڈراپ زون نے بتایا کہ طیارہ وِچِیٹا کے باہر ڈربی کے مقام پر اترا، اور چھلانگ لگانے والوں کا اگلا سیٹ سوار ہو گیا۔
سیڈگوک کاؤنٹی شیرف آفس اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق سیزنا 182 کو گراؤنڈ کر دیا گیا تھا لیکن وہ ابھی بھی پرواز کے لیے استعمال ہو رہا ہے۔
ایئر کیپٹل زون نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’نہ معلوم وجوہات کی بنا پر وہ ونگ کے سامنے چلی گئیں، جو بنیادی حفاظتی طریقہ کار کی خلاف ورزی ہے۔‘
’اپنے کیمرے کے ساتھ تصاویر لینے کی کوشش میں جب انہوں نے ایسا کیا تو وہ تھوڑا سا پیچھے ہٹی اور گھومنے والے پروپیلر کی طرف بڑھیں۔‘
حکام کے مطابق امنڈا گالاگھر کو ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئیں۔
ایف اے اے اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ اس واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے۔