سعودی وزیر خارجہ سے اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی کے سربراہ کی ملاقات
غزہ کی صورتحال، اس کے انسانی اثرات پر بھی بات چیت کی گئی۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے بدھ کو ریاض میں فلسطینی پناہ گزینوں کےلیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی( انروا) کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی نے ملاقات کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق دوریاستی حل پرعملدرآمد کےلیے عالمی اتحاد کے اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں سعودی عرب اور امدادی ایجنسی کے درمیان تعاون کے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
غزہ کی صورتحال، اس کے انسانی اثرات اور حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر بھی بات چیت کی گئی۔
یاد رہے کہ اسرائیلی قانون سازوں نے دو قوانین کی منظوری دی ہے جن سے غزہ میں امداد فراہم کرنے والی اقوام متحدہ کی مرکزی ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کے کام کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ان قوانین میں اقوامِ متحدہ کی ایجنسی کو اسرائیلی سرزمین سے اپنا کام جاری رکھنے سے روکا گیا ہے اور اسے دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے اس کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔
سعودی عرب نے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کو اسرائیل اور مقبوضہ مشرقی یروشلم میں کام کرنے سے روکنے سے متعلق اسرائیلی فیصلے کی مذمت کی۔
وزارت خارجہ کے بیان میں اسے عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور بین الاقوامی اصولوں پر براہ راست حملہ قراردیا۔