سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بدھ کو فلسطین میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
ریاض میں دو ریاستی حل کے لیے عالمی اتحاد کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ ’وہ غزہ میں امداد کی ترسیل کےلیے محفوظ راہداری فراہم کرے۔‘
الاخباریہ کے مطابق انہوں نے بتایا ریاض میں ہونے والے دو روزہ اجلاس میں تقریبا 90 ریاستیں اور بین الاقوامی تنظیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے انسانی صورتحال کو تباہ کن قرار دیا اور شمالی غزہ کی مکمل ناکہ بندی کی مذمت کی۔
ان کا کہنا تھا ’فلسطینی عوام کو ان کی سرزمین سے بے دخل کرنے کے مقصد سے نسل کشی ہورہی ہے جسے سعودی عرب مسترد کرتا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا ’اسرائیلی ناکہ بندی سے غزہ کی صورتحال المناک ہے اور فلسطینی عوام کے مصائب کے پیش نظر بین الاقوامی مذمت کافی نہیں ہے۔‘
سعودی وزیر خارجہ نے سعودی عرب کی جانب سے فلسطینی اتھارٹی کےلیے سپورٹ کا اعادہ کیا اور کہا ’ وقت آگیا ہے کہ بین الاقوامی برادری خطے میں امن کے حصول کےلیے مل کر کام کرے۔‘