Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف کی قطری ہم منصب سے ملاقات، دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف نے دوحہ میں اپنے قطری ہم منصب شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر  تبادلۂ خیال کیا۔
جمعرات کو پاکستان کے وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں قطر کے تعاون کو سراہا اور مختلف شعبوں میں قطر کی مسلسل حمایت پر اظہارِ تشکر کیا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ 
وزیراعظم شہباز شریف نے قطر میں موجود پاکستانیوں کی میزبانی کرنے پر قطر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ پاکستانی دونوں ممالک کی ترقی میں ایک پل کا  کردار ادا کر رہے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے عالمی اور علاقائی مسائل پر تبادلۂ خیال کیا اور ان چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پرامن حل اور باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ تنازع پر قطر کے اُصولی موقف اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اس کی مسلسل کوششوں کو بھی سراہا۔
انہوں نے تنازع کے حل اور غزہ کے عوام کے مصائب کو کم کرنے کے لیے قطر کے انسانی ہمدردی کے اقدامات اور سفارتی کوششوں کی تعریف کی۔
شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے فروغ کے لیے قطر کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، مذاکرات کے سہولت کار اور علاقائی تنازعات کے منصفانہ حل کے لیے قطر کے کردار کو سراہا۔
ملاقات میں قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے خطّے میں پاکستان کی سٹریٹیجک اہمیت کے پیش نظر تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے افغانستان سمیت خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان کے متنوع اقتصادی شعبوں بشمول زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پاکستانی حکومت کے عزم اور حکمتِ عملی سے قطری وزیراعظم کو آگاہ  کیا ۔
 وزیر اعظم شہباز شریف نے پُرتپاک مہمان نوازی پر قطر کے امیر اور وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کا یہ دورہ پاکستان اور قطر کے درمیان دوستی، باہمی احترام اور تعاون کے مضبوط تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔

شیئر: