وزیرِاعظم شہباز شریف دورۂ سعودی عرب کے بعد قطر روانہ
پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف سعودی عرب کا دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کر کے ریاض سے قطر روانہ ہو گئے ہیں۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ بیان کے مطابق ریاض کے نائب گورنر شہزادہ عبدالرحمان بن عبدالعزیز نے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر وزیرِاعظم شہباز شریف کو الوداع کیا۔
اس موقعے پر پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق اور پاکستان و سعودی عرب کے اعلیٰ سفارتی افسران و اہلکار بھی موجود تھے۔
بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ریاض میں آٹھویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو (ایف آئی آئی) میں شرکت کی اور خطاب بھی کیا۔
’وزیرِاعظم نے فورم میں پاکستان کی سرمایہ کاری کی استعداد اور حکومت کی جانب سے معاشی اصلاحات اور کاروبار و سرمایہ کاری کی سہولت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو اجاگر کیا۔‘
’وزیرِاعظم کی اعلٰی سعودی قیادت بالخصوص ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے بھی دو طرفہ ملاقات ہوئی جہاں انہوں نے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ پر گفتگو کی۔‘
اس موقعے پر وزیردفاع خواجہ محمد آصف، وزیرِخزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِنجکاری عبدالعلیم خان، وزیرِپیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وزیرِ تجارت جام کمال خان اور وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔