دبئی کے ہوٹل میں آتشزدگی، دم گھٹنے سے دو افراد ہلاک
شہری دفاع اور ایمرجینسی ریسپانس ٹیمیں چند منٹوں میں موقع پر پہنچ گئیں۔( فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات دبئی کے علاقے نایف میں ایک ہوٹل میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا۔
آتشزدگی سے ہوٹل میں دھواں پھیل گیا، دم گھٹنے سے دو افراد کی موت واقع ہوگئی۔
امارات الیوم کے مطابق شہری دفاع کی ٹیمیں اطلاع ملنے پر چھ منٹ کے اندر پہنچ گئیں اور ہوٹل سے لوگوں کو نکالا۔ آگ پر قابو پایا اور متاثرین کو فوری مدد فراہم کی۔
دبئی میڈیا آفس کے ترجمان نے آتشزدگی میں دم گھٹنے سے دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
ایک عینی شاہدین نے بتایا جب میں ہوٹل کے قریب پہنچے تو کئی کھڑکیاں ٹوٹی ہوئی تھیں اور دھواں نکل رہا تھا۔
پولیس اور شہری دفاع کے اہلکاروں نے ہوٹل کی پوری عمارت کو گھیرے میں لے لیا اور وہ لوگوں کو تیزی سے محفوظ مقام پر منتقل کرنے میں کامیاب رہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے آگ گزشتہ رات گیارہ بجکر 55 منٹ پر لگی اور چند منٹوں کے اندر شہری دفاع اور ایمرجینسی ریسپانس ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔