انڈیا کی ریاست اترکھنڈ میں مسافر بس گہری کھائی میں جا گری، 36 افراد ہلاک
انڈین ریاست اترکھنڈ میں مسافر بس گہری کھائی میں گرنے سے کم از کم 36 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق شمالی ریاست اترکھنڈ کے سینیئر حکومتی اہلکار نے بتایا کہ حادثے میں اب تک 36 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ تین زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔
مسافر بس اترکھنڈ کے شمالی علاقے گڑھوال سے رام نگر کو جا رہی تھی جس میں کم از کم 42 مسافر سوار تھے۔
انڈین میڈیا پر چلنے والی تصایر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بس گہری کھائی میں دریا کے قریب الٹی پڑی ہوئی ہے۔
ریاست کے وزیراعلٰی پشکار سنگھ دھامی نے کہا کہ ریسکیور اہلکار زخمیوں کو جلد از جلد نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق ضلع کے ڈزاسٹر مینجمنٹ افسر ونیت پال کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بس حادثہ پیر کی صبح پیش آیا تھا اور تقریباً 8 بج کر 45 منٹ پر انتظامیہ کو اطلاع موصول ہوئی کہ ایک بس 150 میٹر گہری کھائی میں جا گری ہے۔
وزیراعلٰی کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں پوڑی اور الموڑا میں اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ افسر سے وابستہ چند افسران کو معطل کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلٰی نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے لیے 4 لاکھ جبکہ زخمیوں کے لیے ایک لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے کوماؤں ڈویژن کے کمشنر کو حادثے کی انکوائری کروانے کی ہدایت دی ہے۔