سعودی عرب میں کہیں ہلکی بارش، کہیں دھند
’جدہ اور رابغ میں تیز ہوا چلے گی جبکہ طائف میں ہلکی بارش ہوگی‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، حائل، قصیم، عسیر، جازان، الباحہ اور شمالی حدود ریجنوں کے رہائشیوں کے لیے موسمی الرٹ جاری کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’مذکورہ ریجنوں کے بعض شہروں میں آج منگل کو کہیں درمیانے درجے کی بارش ہوگی جبکہ کہیں دھند چھائی رہے گی‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ ریجن کے شہروں طائف، اضم، بنی یزید، القنفذہ اور العرضیات میں ہلکی بارش ہوگی جبکہ جدہ اور رابغ میں تیز ہوا چلے گی‘۔
مدینہ منورہ ریجن کے حوالے سے محکمے نے بتایا ہے کہ ’الحناکیہ، المہد اور وادی الفرع میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ الرایس اور ینبع میں تیز ہوا ہوگی‘۔
’اسی سے ملتی جلتی موسمی صورتحال الباحہ، عسیر اور جازان میں ہوگی تاہم بالائی علاقوں میں دھند رہے گی‘۔
’حائل ریجن کے مختلف شہروں میں درمیانے درجے کی بارش کے ساتھ تیز ہوا کا امکان ہے‘۔