مملکت میں ٹریفک حادثات کی بڑی وجہ تیز رفتاری
راڈار سسٹم حد رفتار کو کنٹرول کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ (فوٹو اخبار 24)
انٹرنیشنل روڈ فیڈریشن کے اعزازی صدر انجینئرعبداللہ المقبل نے کہا ہے کہ مملکت میں ٹریفک حادثات کی بڑی وجہ تیز رفتاری اور ضوابط پرعمل نہ کرنا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ریاض میں ہونے والی روڈ سیفٹی کانفرنس ونمائش میں اخبار سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے المقبل نے مزید کہا کہ حالیہ سروے رپورٹ میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ زیادہ ترٹریفک حادثات کی بڑی وجہ تیز رفتاری ہے تاہم جدید ٹیکنالوجی کی وجہ سے حادثات پر کافی حد تک قابو پایا گیا۔
حد رفتار کو کنٹرول کرنے کے لیے راڈار سسٹم کافی کامیاب رہا ہے جس کی وجہ سے ہائی ویز پر ڈرائیور گاڑی کی رفتار مقررہ حد کے اندر رکھتے ہیں۔
المقبل نے مزید کہا کہ جی 20 ممالک میں سعودی عرب چوتھے نمبر پر ہے جہاں روڈ سیفٹی کے لیے کافی کام کیا گیا ہے جس کی وجہ سے حادثات میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ عرصے میں مملکت میں سنگین حادثات میں بھی کافی کمی واقع ہوئی ہے جبکہ ان حادثات میں ہلاکتوں کے تناسب میں بھی کمی دیکھی گئی۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں