نیتن یاہو کا ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹیلی فون، ’اسرائیلی سلامتی کو درپیش ایرانی خطرے‘ پر گفتگو
’دونوں رہنماؤں نے اسرائیل کی سلامتی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا‘ (فائل فوٹو: گیٹی امیجز)
اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے انہیں الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے بدھ کو ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹیلی فون کیا اور انہیں صدارتی الیکشن میں تاریخی کامیابی پر مبارک دی۔
اسرائیلی وزیراعظم کے آفس سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ بنیامین نیتن یاہو نے نومنتخب امریکی صدر سے ایران کی جانب سے ’اسرائیل کی سلامتی کو درپیش خطرے‘ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
نیتن یاہو کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے ڈونلڈ ٹرمپ کو انتخاب میں فتح حاصل کرنے پر مبارک باد دی۔
بیان کے مطابق ’امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے درمیان ہونے والی گفتگو کافی خوش گوار رہی۔‘
’دونوں رہنماؤں نے گفتگو میں اسرائیل کی سلامتی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، اس کے علاوہ ایرانی خطرے پر بھی بات چیت کی گئی۔‘