ماہرہ خان کے لیے ایک اور اعزاز، ’جب لوگ ہنستے تھے‘
جمعرات 7 نومبر 2024 15:36
ماہر خان نے سات ’ہم ایوارڈز‘ اور سات ’لکس سٹائل ایوارڈز‘ جیت رکھے ہیں (فائل فوٹو: انسٹاگرام)
پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان کو برطانیہ کی پارلیمنٹ نے ان کی فنی اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ سے نواز ہے۔
اداکارہ ماہرہ خان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری اور خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو برطانیہ کی پارلیمنٹ کی جانب سے سراہا گیا اور انہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
برطانیہ کے رکن پارلیمان افضل خان کی میزبانی میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں ماہرہ خان کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔
تقریب سے خطاب کے دوران ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ ’اپنی تعریف پر خوش ہوتی ہوں لیکن سیلف میڈ کہلانا پسند نہیں، میری کامیابی میں والدین، ٹیچرز، مینٹور، ساتھیوں اور مداحوں کا بہت بڑا کردار ہے۔‘
ماہرہ خان مزید کہتی ہیں کہ ’والدین ورکنگ پیرنٹس تھے، والدہ ٹیچر اور والد بینکر تھے، انہوں نے ہم بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلانے پر پوری توجہ دی، کالج گئی تو آسان وقت نہیں تھا، دو ملازمت کرتی اور اپنے بل خود ادا کرتی تھی۔‘
اداکارہ نے مزید بتایا کہ ’جب میں کہتی تھی کہ فلم سٹار بنوں گی تو لوگ مجھ پر ہنستے تھے، انڈسٹری میں کام کرنا آسان نہیں تھا لیکن پھر جدوجہد کے بعد کامیابی بھی ملی، خاندان کی پہلی لڑکی تھی جس نے بیرون ملک اکیلے سفر کیا۔‘
فلم انڈسٹری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ماہرہ خان نے کہا کہ ’پاکستان کی شو بز انڈسٹری نے گزشتہ چند برسوں میں نمایاں ترقی کی ہے، خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے میری خدمات پر ایوارڈ سے نوازے جانے پر بہت خوش ہوں، ہمارا انتخاب ہوا ہے تو ہمیں اس کے مطابق کام کرنا چاہیے، لڑکیوں کو ان کے خواب پورے کرنے میں مدد کرنی چاہیے۔‘
ماہرہ کا کہنا تھا کہ لڑکیوں سے برتاؤ سے متعلق والد، شوہر، لڑکوں اور تمام مردوں کو بتانا چاہیے، میرے بھائی نے خاموشی سے میری زندگی کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔‘
اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے ایوارڈ کوسوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام کی اسٹوری پر شیئر بھی کیا ہے۔
واضح رہے کہ ماہرہ خان پاکستان کی ان اداکاراؤں میں سے ہیں جن کے مداح نہ کہ صرف پاکستان میں ہیں بلکہ انڈیا اور دوسرے ممالک میں بھی ان کی فلموں اور ڈراموں کو پسند کیا جاتا ہے۔
ماہرہ خان کا شمار پاکستان کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔
ماہرہ خان نے اس سے قبل کئی ایوارڈز جیتے ہیں۔ ان میں سات ’لکس سٹائل ایوارڈز‘ اور سات ’ہم ایوارڈز‘ شامل ہیں۔
ماہرہ خان نے بین الاقوامی سینما میں بھی اپنی اداکاری کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔
’دی لیجینڈ آف مولا جٹ‘ اور بالی وڈ فلم ’رئیس‘ جس میں ماہرہ خان نے انڈین اداکار شاہ رخ خان کے ساتھ کرادار ادا کیا تھا انٹرنیشنل سینما میں ان کی کامیاب فلموں میں سے تھیں۔
اداکاری کے علاوہ ماہرہ خان خواتین کے حقوق، پناہ گزینوں کے بحران اور بچوں کے استحصال اور جنسی ہراسانی جیسے مسائل پر آواز اٹھاتی ہیں۔
ماہرہ خان نے 2019 سے یونیسف کے ساتھ بھی کام کیا۔ وہ 2019 میں پاکستان میں افغان پناہ گزینوں کے لیے یونیسف کی قومی اور عالمی گڈ ول ایمبیسیڈر مقرر ہوئیں تھیں۔