’میں تینوں فیر مِلاں گی‘، ’ماہرہ خان اور فواد خان کی جوڑی کا کوئی مقابلہ نہیں‘
جمعرات 24 اگست 2023 18:00
یہ اشتہار فواد خان کی اہلیہ صدف فواد خان کے برینڈ کا ہے جس میں ماہرہ اور فواد رومانوی انداز اپنائے ہوئے ہیں (فائل فوٹو: ایس کے ایف برائیڈلز)
پاکستان کے سپرسٹار اداکار فواد خان اور اداکارہ ماہرہ خان ایک ساتھ نئے اشتہار کی ویڈیو میں نظر آرہے ہیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپلوڈ ہونے والا یہ اشتہار فواد خان کی اہلیہ صدف فواد خان کے برائڈل فیشن برینڈ کا ہے جس میں ماہرہ خان اور فواد خان رومانوی انداز اپنائے ہوئے ہیں۔
اس اشتہار کے پس منظر میں دونوں ستاروں کی آواز میں معروف شاعرہ امرتا پریتم کی پنجابی شاعری ’میں تینوں فیر مِلاں گی‘ کے بول شامل کیے گئے ہیں۔
انسٹاگرام ہینڈل ایس کے ایف برائڈلز نے اِس پوسٹ پر اپنے کیپشن میں لکھا کہ ’ماہرہ خان اور فواد خان کی جوڑی کے شاندار حسن کا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔‘
فواد خان اور ماہرہ خان کی جوڑی سنہ 2011 میں ریلیز ہونے والے بلاک بسٹر ڈرامہ ’ہم سفر‘ کے بعد بے حد مقبول ہوئی۔
دونوں ستارے گذشتہ برس سپرہٹ پاکستانی پنجابی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں بھی ایک ساتھ مرکزی کردار نبھاتے نظر آئے۔
دوسری جانب فواد خان اور ماہرہ خان کے مداحوں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ اُن کی پسندیدہ جوڑی نیٹ فلکس کی آنے والی ڈرامہ سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ میں ایک مرتبہ پھر ساتھ نظر آنے والے ہیں۔
یہ نیٹ فلکس کی پہلی پاکستانی اوریجنل ڈرامہ سیریز ہوگی۔
’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ سیریز کی مرکزی کاسٹ میں فواد خان، ماہرہ خان، صنم جنگ اور احد رضا میر شامل ہیں۔
صرف یہی نہیں، اس ڈرامے کی کاسٹ میں حمزہ علی عباسی، بلال اشرف، مایا علی، اقرا عزیز، ہانیہ عامر، خوش حال خان، نادیہ جمیل، عمیر رانا اور ثمینہ احمد بھی شامل ہیں۔
یہ ڈرامہ سیریز 2013 میں رائٹر فرحت اشتیاق کے اُردو ناول ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ پر مبنی ہے۔
فرحت اشتیاق کا یہ ناول 2013 میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا ناول تھا۔
اس ناول کی کہانی ہارورڈ یونیورسٹی میں قانون کی تعلیم حاصل کرنے والے طالب علم سکندر اور لیزا نامی آرٹسٹ کے گرد گھومتی ہے جن کی ملاقات اٹلی میں ہوتی ہے۔
فواد خان اور ماہرہ خان کے اِس نئے برائیڈل اشتہار کی ویڈیو پر انسٹاگرام صارفین کے تبصرے بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
انسٹاگرام ہینڈل دی رائٹر لیڈی نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ ’میں داستان ڈرامے کے بعد ایک مرتبہ صنم بلوچ اور فواد خان کی جوڑی کو دوبارہ اکٹھا دیکھنا چاہوں گی۔‘
ایک صارف نے لکھا کہ ’خوب صورت، یہ ہوتی ہے کیمسٹری۔‘
سُکھمانی کور نے اپنے تبصرے میں کہا کہ ’یار آپ دونوں میری زندگی کو پہلے سے زیادہ خوشیوں سے بھر دیتے ہو۔‘