ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی نئی فلم ’لوَو گرو‘ آئندہ سال عید پر ریلیز ہوگی
ماہرہ خان نے لندن میں مداحوں کی جانب سے ملنے والی پذیرائی پر خوشی کا اظہار کیا۔ (فوٹو: اردو نیوز)
پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ ان کی نئی فلم ’لوو گرو‘ اگلے سال عید پر ریلیز ہوگی۔
عرب نیوز کے مطابق فلم میں ماہر خان کے علاوہ ہمایوں سعید اور احمد علی بٹ بھی جلوہ گر ہوں گے۔
فلم کی ہیروئن ماہرہ خان ہوں گی جن کے مقابلے میں ہمایوں سعید ہیرو کا کردار ادا کریں گے۔
نو سال قبل ہمایوں سعید اور ماہری خان ایک ساتھ پاکستانی فلم ’بن روئے‘ میں جلوہ گر ہوئے تھے۔ اس فلم میں ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی ’آن سکرین‘ کیمسٹری کو شائقین نے بہت پسند کیا تھا۔
منگل کو لندن میں ایک تقریب کے دوران ماہرہ خان نے میڈیا کو بتایا کہ کہ ہم گذشتہ مہینے سے ایک پراجیکٹ کی شوٹنگ کر رہے ہیں۔
’یہ ہماری نئی آنے والی فلم ’لوو گرو‘ ہے جسے اگلے سال عید پر ریلیز کی جائے گی۔‘
ماہرہ خان نے لندن میں مداحوں کی جانب سے ملنے والی پذیرائی پر خوشی کا اظہار کیا اور اپنے فینز کا شکریہ ادا کیا۔
ماہرہ خان نے ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ اور شاہ رہ خان کے ساتھ بالی وڈ کی فلم ’رئیس‘ میں کردار کے ذریعے فلم انڈسٹری میں اپنا لوہا منوایا ہے۔
ان دو فلموں میں ان کے کردار کو فلم بین اور فلمی ناقدین دونوں نے پسندیدگی سے نوازا اور ان کرداروں کی وجہ سے وہ انڈیا اور پاکستان میں مشہور ہوگئیں۔
پاکستان کی فلمی صنعت گذشتہ دہائی میں کئی ایک فلموں کی ریلیز کے سبب بحالی کی جانب گامزن ہوئی۔ ان فلموں میں ’زندہ بھاگ‘ اور ’ہو من جہاں‘ بھی شامل تھے۔
ان فلموں کی کامیابی کے بعد فلمی صنعت میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا جس کے بعد ہر سال کئی نئی فلمیں ریلیز ہوتی رہی۔