کیا سعودی عرب کے حائل ریجن میں حال ہی میں برف باری ہوئی ہے؟
جمعرات 7 نومبر 2024 19:37
سوشل میڈیا کی وڈیو میں یہ تاثر دیا گیا تھا کہ حائل میں برف باری ہوئی (فوٹو، ایکس اکاونٹ)
قومی مرکز برائے موسمیات کے ترجمان حسین القحطانی کا کہنا ہے کہ حائل ریجن کے بعض علاقوں میں برف باری کے حوالے سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونےوالی وڈیو برف کی نہیں بلکہ یہ ژالہ باری کے بعد کی ہے۔
سبق نیوز کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی وڈیو سے یہ تاثر ملتا تھا کہ حائل ریجن میں برف باری ہوئی جس سے پورا علاقے میں سفیدی پھیل گئی۔
وڈیو میں جو تاثر دیا گیا تھا اس حوالے سے قومی مرکز برائے موسمیات کے ترجمان کا کہنا تھا کہ درحقیقت یہ برف نہیں بلکہ بارش سے قبل بالائی فضا میں جب سردی کی شدت میں اضافہ ہوتا ہے تو بارش کے قطرے جم جاتے ہیں جو چھوٹے چھوٹے گولوں کی شکل میں برستے ہیں۔
القحطانی کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کی موسمی تبدیلیاں بالائی علاقوں میں ہوتی رہتی ہیں, قبل ازیں طائف ، الباحہ ، خمیس مشیط اور بریدہ میں بھی شدید ژالہ باری نوٹ کی گئی تھی۔