شاہین آفریدی انڈیا کے کلدیپ یادیو، افغانستان کے راشد خان اور انڈیا کے کیشو مہاراج کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ون ڈے رینکنگ میں نمبر 1 پوزیشن پر براجمان ہوگئے ہیں۔
راشد خان نمبر 2 پوزیشن پر ہیں جبکہ کیشو مہاراج پہلے سے تیسرے اور کلدیپ یادو ایک درجے کی تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر ہیں۔
یہ دوسرا موقع ہے جب شاہین آفریدی ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر پہنچے ہیں، اس سے قبل انہوں نے 2023 ون ڈے ورلڈ کپ کے دوران پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔
دوسری جانب پاکستان کے سیم بولر حارث رؤف آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میچوں میں 10 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد 14 درجے ترقی کرکے 13 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
نسیم شاہ بھی 14 درجے ترقی کر کے کیریئر کی بہترین 55 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
بیٹرز کی بات کی جائے تو آسٹریلیا کے خلاف بابر کے 37، 15* اور 28* کے سکور نے ون ڈے رینکنگ میں انہیں پہلی پوزیشن پر لا کھڑا کیا ہے۔ بابر کے بعد روہت شرما دوسرے، شبمن گل تیسرے اور ویرات کوہلی چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں افغانستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ون ڈے سیریز کے بعد آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی بڑی تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔
پلیئر آف دی سیریز محمد نبی نمبر 1 ون ڈے آل راؤنڈر بن گئے ہیں، راشد خان ایک درجہ ترقی کر کے تیسرے نمبر پر موجود ہیں، اور عظمت اللہ عمرزئی دو درجے ترقی کے بعد 9ویں نمبر پر آ چکے ہیں۔
بنگلہ دیش کے مہدی حسن میراز سیریز میں تین وکٹیں لینے اور تیسرے ون ڈے میں 66 رنز بنا کر چار درجے بہتری کے بعد چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ٹی20 بولرز کی رینکنگ میں سری لنکا کے وانیندو ہسرنگا نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں بہتریں کارکردگی کے بعد دوسرے نمبر آچکے ہیں جبکہ پہلی پوزیشن انگلینڈ کے عادل رشید کے پاس ہے۔
بولرز میں تیسرے نمبر پر ویسٹ انڈیز کے اکیل حسین ہیں، جبکہ چوتھے نمبر پر سری لنکا کے ماہیش تھیکشانا اور پانچویں نمبر پر ویسٹ انڈیز کے گڈاکیش موٹے ہیں۔
ٹی 20 بیٹرز میں، فل سالٹ ایک درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آچکے ہیں، پہلی پوزیشن آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کے پاس ہے۔ تیسرے نمبر پر انڈیا کے سوریا کمار ہیں، چوتھے پر پاکستان کے بابر اعظم اور پانچویں نمبر محمد رضوان ہیں۔