اسرائیل کے علاقہ خالی کرنے کی وارننگ کے بعد جنوبی بیروت پر فضائی حملے
جمعرات 14 نومبر 2024 16:29
جمعرات کے حملوں سے تھوڑی دیر قبل اسرائیل نے علاقے کے رہائشیوں کو علاقہ خالی کرنے کا کہہ دیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اسرائیل نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافات پر فضائی حملے کیے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو فضائی حملوں سے پہلے اسرائیل نے لوگوں کو حزب اللہ کے گڑھ کو خالی کرنے کی وارننگ دی۔
تازہ ترین فضائی حملوں کے بعد علاقے سے دھوئیں کے گہرے بادل اٹھ رہے ہیں۔ اسرائیل نے ایران کی حمایت یافتہ تنظیم کے خلاف ستمبر میں شروع کی گئی مہم تیز کر دی ہے۔
جمعرات کے حملوں سے تھوڑی دیر قبل اسرائیل نے علاقے کے رہائشیوں کو علاقہ خالی کرنے کا کہہ دیا تھا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ایکس پر لکھا کہ ’آپ حزب اللہ کی تنصیبات اور مفادات کے قریب موجود ہیں جن کے خلاف اسرائیلی فوج بہت جلد کارروائی کرنے جا رہی ہے۔‘
فوجی ترجمان نے پوسٹ کے ساتھ میپ بھی شیئر کیا جس میں اس علاقے میں موجود عمارتوں اور بلڈنگز کی نشاندہی کی گئی تھی۔
جنوبی بیروت پر اسرائیل کے تواتر کے ساتھ حملوں کی وجہ سے اس علاقے سے شہری آبادی بڑی تعداد میں نقل مکانی کر چکی ہے۔ تاہم علاقے کے کچھ رہائشی دن کے اوقات میں اپنے گھروں، سامان اور کاروبار کی نگرانی کے لیے واپس علاقے میں آتے ہیں۔
لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جنوبی علاقے میں واقع بیت الجبیل ٹاؤن پر بھی شدید بمباری کی گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی سرحد سے صرف تین کلومیٹر کے فاصلے پر واقع اس ٹاؤن میں موجود فلیٹس اور عمارتیں اسرائیلی فضائی بمباری اور شیلنگ سے تباہ ہوگئی ہیں۔