اسرائیلی حملوں کے بعد ایران کے دارالحکومت تہران میں دفاعی سرنگ کی تعمیر
شہر کے وسط میں موجود ٹنل تہران میٹرو کے ایک سٹیشن کو امام خمینی ہسپتال سے ملائے گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اسرائیل کے حالیہ حملوں کے بعد ایران دارالحکومت تہران میں ’دفاعی سرنگ‘ تعمیر کر رہا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے ایران کے نیم سرکاری نیوز ایجنسی ’تسنیم‘ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ مذکورہ فیصلہ اسرائیل کی جانب سے ملک میں مختلف اہداف کو نشانہ بنانے کے بعد کیا گیا ہے۔
شہر کے وسط میں موجود ٹنل تہران میٹرو کے ایک سٹیشن کو امام خمینی ہسپتال سے ملائے گی جس سے اس ہسپتال تک زیرزمین رسائی ممکن ہوگی۔
تہران سٹی کونسل کے ٹرانسپورٹ کے ہیڈ نے تسنیم کو بتایا کہ ’ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دفاعی تناظر سے ایک سرنگ بنائی جا رہی ہے۔‘
گذشتہ مہینے اسرائیل نے ایران پر پہلی مرتبہ باضابطہ تسلیم شدہ حملہ کیا۔ اس حملے میں تہران کے قریب واقع میزائل کی فیکٹریوں اور دیگر عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
یہ حملے ایران کی جانب سے یکم اکتوبر کو اسرائیل پر میزائل حملوں کے جواب کیے گئے تھے۔