اسرائیل نے مقاصد حاصل کر لیے، اب غزہ جنگ ختم کرنے کا وقت ہے: امریکی وزیر خارجہ
امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ انسانی امداد کی فراہمی کی سہولت کاری کرے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں اپنے مقاصد حاصل کر لیے ہیں اس لیے اب جنگ ختم کرنے کا وقت ہے۔
عرب نیوز کے مطابق امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اسرائیل غزہ میں جاری جنگ کو ختم کرنے کی طرف بڑھے۔
انٹونی بلنکن نے کہا کہ جنگ کو ختم کرنا ہی غزہ کی سویلین آبادی کو ہنگامی بنیادوں پر درکار امداد کی فراہمی کا سب سے موثر ذریعہ ہوگا۔
انہوں نے زور دیا کہ ’لمبے عرصے اور حقیقی طور پر‘ جنگ میں وقفہ کیا جائے تاکہ اس تنازع سے متاثر ہونے والی آبادی تک بنیادی اور فوری امداد پہنچائی جاسکے۔
امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ انسانی امداد کی فراہمی کی سہولت کاری کرے۔
انہوں نے عزہ کے انسانی بحران کو حل کرنے کے لیے مسلسل اور متواتر کوششوں پر زور دیا۔
انٹونی بلنکن نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ حماس پر مزید پریشر ڈالیں تاکہ دشمنیوں کو ختم کرنے کے لیے جنگ میں لمبا اور ’حقیقی‘ وقفہ کیا جاسکے۔
’امن کے حصول کے لیے تمام فریقین کے تعاون کی ضرورت ہے تاکہ انسانی امداد کی رسائی ممکن ہو۔‘