گانوں میں تشدد اور منشیات کا فروع: دلجیت دوسانجھ کو لیگل نوٹس
جمعرات 14 نومبر 2024 20:46
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
دلجیت دوسانجھ کا آئندہ شو جمعے کو حیدر آباد میں شیڈول ہے(فائل فوٹو: انسٹاگرام)
معروف پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ کا ’دل لومناتی‘ ٹور جاری ہے جس کے تحت وہ مختلف ممالک کے مختلف شہروں میں جا کر کنسرٹس کر رہے ہیں۔
اسی ’دل لومناتی‘ ٹور کا کنسرٹ حالیہ دنوں میں ابوظہبی میں ہوا ہے جس میں پاکستان سے تعلق رکھنے والوں سمیت دنیا بھر سے دلجیت دو سانجھ کے فینز نے شرکت کی۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق دلجیت دوسانجھ کا آئندہ شو انڈیا کی ریاست تلنگانہ کے دارلحکومت حیدر آباد میں ہے تاہم تلنگانہ کے حکام کی جانب سے شو سے پہلے ہی گلوکار کو ایک لیگل نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔
اس نوٹس میں دلجیت دوسانجھ کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ حیدر آباد میں ہونے والے اپنے شو میں ایسے گانے نہ گائیں جن میں تشدد، شراب اور دوسری منشیات کو فروغ دیا گیا ہو۔
دلجیت دوسانجھ کو یہ نوٹس چندی گڑھ کے ایک شہری کی شکایت کے نتیجے میں جاری کیا گیا ہے۔
پنڈت راؤ دارنور نامی شہری کی جانب سے تلنگانہ کی انتظامیہ کو درخواست دی گئی تھی۔
اس درخواست میں حکام سے استداعا کی گئی تھی کہ وہ حیدر آباد میں کنسرٹ کے دوران دلجیت کو ایسے گانے سے روکیں جو تشدد اور منشیات کو فروغ دیتے ہیں۔
اس درخوست میں دلجیت کو ان کے شو میں ’بچوں کے استعمال‘ سے بھی روکنے کی استدعا کی گئی تھی۔
تلنگانہ کے خواتین اور بچوں کی ترقی کے محکمہ کی کمشنر کانتھی ویسلی نے تصدیق کی کہ نوٹس دلجیت دوسانجھ اور شو کے منتظمین تک پہنچا دیا گیا ہے۔
سات نومبر کو خواتین، بچوں، اور بزرگ شہریوں کے ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی ضلعی ویلفیئر آفیسر کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس میں دلجیت دوسانجھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’شکایت کنندہ کی طرف سے جمع کرائے گئے ویڈیو ثبوت کے مطابق، دلجیت دوسانجھ نے 26 اور 27 اکتوبر کو نئی دہلی کے جواہر لال نہرو سٹیڈیم میں ہونے والے اپنے لائیو شو کے دوران ایسے گانے گائے ہیں جو تشدد، شراب اور دوسری منشیات کو فروغ دیتے ہیں۔‘
’لہٰذا ہم آپ کو یہ نوٹس جاری کر رہے ہیں تاکہ آپ کو حیدر آباد میں ایسے گانے نہ گائے۔‘