لائیو: توشہ خانہ ٹو میں ضمانت کے بعد عمران خان کی ایک اور مقدمے میں گرفتاری
جمعرات 21 نومبر 2024 7:44
عمران خان کی تھانہ نیوٹاؤن میں درج مقدمے میں گرفتاری ڈالی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کے بعد راولپنڈی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی تھانہ نیو ٹاؤن میں درج مقدمے میں گرفتاری ڈال دی ہے۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق مقدمہ جلاؤ گھیراؤ، ہتھراؤ، پولیس سے مزاحمت، سرکاری املاک کی نقصان رسانی سمیت دیگر واقعات پر درج کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں ٹیم عمران خان سے تفتیش کر رہی ہے۔
پولیس کے مطابق عمران خان کو آج جسمانی ریمانڈ کےلیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے اس کیس کی حد تک انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا تھا۔
سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے آڈیو لیک کمیشن پر حکومت سے رپورٹ طلب کر لی
سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے آڈیو لیک کمیشن پر وفاقی حکومت سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ عدالت نے اٹارنی جنرل کو حکومت سے ہدایت لے کر آگاہ کرنے کا حکم دیا ہے۔
صوبہ پنجاب کی جانب سے قیدیوں کی سزا کے قواعد و ضوابط جاری
صوبہ پنجاب نے جیل قوانین کی خلاف ورزی پر قیدیوں کی سزا کے قواعد و ضوابط جاری کر دیے ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے جیل قوانین کی خلاف ورزی پر سزا کو میرٹ کے مطابق رکھنے کے لیے سپروائیزری افسر کے اختیارات میں اضافہ کر دیا ہے۔
نئے قواعد و ضوابط کے مطابق سپرٹنڈنٹ جیل یا کوئی افسر ضابطے کے بر خلاف کسی قیدی کو سزا نہیں دے سکے گا۔
قیدی کو سزا دینے سے قبل مکمل انکوائری کی جائے گی اور رپورٹ فوری طور پر متعلقہ ڈی آئی جی جیل کو بھجوائی جائے گی۔
دوران انکوائری قیدی کو اپنی بے گناہی ثابت کرنے کا پورا موقع دیا جائے گا۔
کسی قیدی کو حفاظت کے پیش نظر علیحدہ رکھنا مقصود ہو تو اسے پنشمنٹ بلاک میں نہیں رکھا جا سکے گا۔
شفاف انکوائری کے بعد پنشمنٹ بلاک میں رکھے جانے والا قیدی سزا میں معافی کے حق سے محروم ہو جائے گا۔
لاہور: دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی، داخلی و خارجی راستوں پر ناکے قائم
لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیوں میں چوبیس گھنٹے میں 32 لاکھ کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ آرٹیفشل انٹیلیجنس سسٹم کی مدد سے بھی دھواں چھوڑنے والی 187 وہیکلز کو ای چالان جاری کیے ہیں۔
شہر میں 41 اینٹی سموگ سکواڈز تشکیل دیے گئے ہیں اور داخلی و خارجی راستوں پر 12 ناکے لگائے گئے ہیں۔
24 نومبر تک لاہور میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ مکمل طور پر بند رہے گا۔