جاپانی اور سعودی آرکسٹرا کئی دن سے آن لائن ریہرسل کر رہے ہیں۔ فوٹو سعودی میوزک کمیشن
سعودی نیشنل آرکسٹرا گروپ ’مارولز آف سعودی آرکسٹرا‘ مملکت اور دنیا کے دیگر ممالک کے درمیان موسیقی کے تعاون سے ایک پل بنانے کے مشن پر گامزن ہے۔
عرب نیوز کے مطابق پیرس، میکسیکو سٹی، نیویارک اور لندن میں اپنی میوزیکل پرفارمنس کے بعد یہ طائفہ ’مارولز آف سعودی آرکسٹرا‘ 22 نومبر کو ٹوکیو اوپیرا سٹی میں پرفارم کرے گا۔
جاپان کے آرکسٹرا گروپ گاگاکو آرکسٹرا امپیریل کورٹ میوزک اور سعودی نیشنل آرکسٹرا مل کر ٹوکیو کالج آف میوزک کی آرکسٹرا اکیڈمی میں منفرد اور دلکش دھنیں بکھیریں گے۔
پروگرام میں سعودی عرب کی روایتی دھنیں اور جاپان کی کلاسیکی موسیقی کی نمائش کی جائے گی، اس موقع پر معروف جاپانی گٹارسٹ ہوٹی بھی خصوصی طور پر شرکت کر کے اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
سعودی میوزک کمیشن کے سی ای او پال پیسیفیکو نے جاپان روانگی سے قبل اپنے انٹرویو میں سعودی آرکسٹرا کو عالمی دورے پر لے جانے کے خیال کو سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان سے منسوب کیا ہے۔
پال پیسیفیکو نے بتایا سعودی آرکسٹرا کے بین الاقوامی دورے کا مقصد سعودی ثقافت کو دنیا بھر میں روشناس کرانا ہے۔ دنیا میں زیادہ تر لوگوں نے سعودی موسیقی نہیں سنی اس لیے یہ ایک نیا تجربہ ہے۔
اس دورے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ عوام کو یہ باور کرنا ہے کہ سعودی ثقافت کو دنیا بھر میں کس طرح پذیرائی مل سکتی ہے۔
سعودی موسیقی دنیا کی عظیم ثقافتی تنظیموں کے ساتھ دنیا کے کسی بھی بڑے سٹیج پر کس طرح اپنا مقام بنا سکتی ہے۔
جاپانی آرکسٹرا استاد ہیروفومی یوشیدا کے تعاون سے سعودی استاد رامی باشیح کی جانب سے ٹوکیو میں پیش کی جانے والی پرفارمنس جاپانی اور سعودی موسیقی کی روایات کی علامت ہے۔
میوزک کمیشن کے سی ای او نے مزید بتایا ’ ٹوکیو میں سعودی آرکسٹرا کی پرفارمنس حاضرین کو موسیقی کے ذریعے مختلف ثقافتوں کے بارے میں آگہی دے گی اور جاپان کے ساتھ مملکت کے نئے ثقافتی تعلقات مضبوط کرنے کے لیے مثالی ثابت ہوگی۔
جاپانی آرکسٹرا استاد ہیروفومی یوشیدا نے بتایا ’یہ کنسرٹ موسیقی کی الگ الگ ثقافتوں کو ایک ہی اسٹیج پر اکٹھا کرے گا اور سامعین کو موسیقی اور ثقافت کو نئے زاویے سے دیکھنے کا موقع ملے گا۔
پروگرام کے مطابق پہلے اور دوسرے حصے میں سامعین مملکت کی روایتی موسیقی اور قدیم جاپانی کورٹ میوزک گاگاکو سے لطف اندوز ہوں گے۔
تیسرے حصے میں دونوں ممالک کے موسیقاروں کی مشترکہ پرفارمنس کے ذریعے ثقافتی ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
اس پروگرام کی تیاری کے لیے جاپانی اور سعودی آرکسٹرا کئی دن سے مل کر آن لائن ریہرسل کر رہے ہیں۔
اس تقریب کی تیاری کے لیے سعودی میوزک کمیشن اور جاپان کی رائزنگ سن اوپیرا فاؤنڈیشن نے متعدد میٹنگز کے بعد دورے کا اہتمام کیا ہے۔
جاپانی آرکسٹرا استاد ہیروفومی یوشیدا سعودی عرب کے لیے کوئی اجنبی نام نہیں، انہوں نے 2017 میں مملکت میں ایک مکمل جاپانی آرکسٹرا کی پہلی پرفارمنس کی قیادت کی تھی۔
یوشیدا نے بتایا ’ اس پرفارمنس پر حاضرین کی جانب سے جس قدر پرجوش تالیوں سے ہال گونجا تھا اس نے انتہائی متاثر کیا اور مجھے یقین ہو گیا تھا کہ مستقبل قریب میں سعودی عرب میں ثقافت اور فنون پروان چڑھیں گے۔‘
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں