Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چھوٹی کاروں کی فارمولا ون ریس میں سعودی طلبہ کی شمولیت

سکولز پروگرام میں طلبہ تخلیقی ماحول میں مہارتیں حاصل کرتے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی سکولوں کی 4 ٹیمیں جن میں 24 طلبہ و طالبات شامل ہیں چھوٹی کاروں کی فارمولا ون ریس کے سکولز ورلڈ فائنل میں حصہ لینے کی تیاری کر رہی ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق فارمولا ون ریس کا یہ مقابلہ اپنے تیسرے دور میں 23 سے 26 نومبر تک ظہران ایکسپو میں منعقد ہوگا ، سعودی عرب پہلی بار اس ایونٹ کے میزبان کے طور پر شامل ہو رہا ہے۔
چھوٹی ریسنگ کاروں کو ڈیزائن کرنے اور تیار کرنے کے چیلنج میں سعودی سکولوں کی ٹیمیں 62 ممالک کی 55 ٹیموں کے ساتھ مقابلہ کریں گی۔
ظہران میں کنگ عبدالعزیز سینٹر فار ورلڈ کلچر ’اثرا‘ نے نو ماہ کے تربیتی پروگرام کے ذریعے طلبہ کی ٹیموں کی تیاری کی نگرانی کی ہے۔
مقامی اور بین الاقوامی 37 ماہرین کی زیرقیادت چھ خصوصی مراکز میں طلبہ کو انجینئرنگ، ڈیزائن اور ٹیم ورک میں جدید مہارتیں حاصل کرنے کی تربیت دی گئی ہے ۔
کنگ عبدالعزیز سینٹر فار ورلڈ کلچر ’اثرا‘ میں پروگرامز مینجر نورہ الزمل نے بتایا ہے’ہمیں ایسے پروگرام پیش کرنے پر فخر ہے جو مملکت کی طرف سے متعدد سکولوں میں سائنسی ترقی کی عکاسی کرتے ہیں۔

  اثرا سنٹر میں تربیتی سیشن میں طلباء کو تیاری کرائی گئی ہے۔ فوٹو عرب نیوز

نورہ الزمل نے مزید کہا ’ہمارا مقصد نوجوانوں کو تمام علمی اور تخلیقی شعبوں میں بااختیار بنانا، سائنس، ڈیزائن اور جدت طرازی میں پُرجوش قومی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا اور عالمی سطح پر سعودی طلبہ کی صلاحیتوں کو ابھارنا ہے۔ ہمارے نوجوان مملکت کی تخلیقی صنعتوں میں مستقبل کے رہنما ہیں۔‘

جدت کو فروغ دینے والا  پروگرام وژن 2030 سے ہم آہنگ ہے۔ فوٹو عرب نیوز

نورہ الزمل نے بتایا ’سکولز پروگرام میں طلبہ متحرک اور تخلیقی ماحول میں ٹیم ورک، قیادت اور مسائل حل کرنے کی مہارتیں حاصل کرتے ہیں۔ 
جدت کو فروغ دینے والا یہ پروگرام سعودی وژن 2030 سے ہم آہنگ ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بڑھانا اور انہیں مستقبل کی صنعتوں میں قیادت کے لیے تیار کرنا ہے۔
 
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: