سعودی طلباء کے لیے کافی میں مہارت کا تربیتی پروگرام مکمل
سعودی طلباء کے لیے کافی میں مہارت کا تربیتی پروگرام مکمل
جمعرات 12 جنوری 2023 19:12
سعودی طلباء کو عربین کافی انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے اسناد بھی دی گئی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب میں کافی کی صنعت کے تابناک مستقبل کی امید کے ساتھ 20 سعودی طلباء کافی کی تیاری میں مہارت کا تربیتی پروگرام مکمل کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق کافی کی تیاری کےاس تین ماہ کے پروگرام کا اہتمام کمیونٹی جمیل سعودی و باب رزق جمیل نے عربین کافی انسٹی ٹیوٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔
اس تربیتی پروگرام کے تحت سعودی نوجوانوں کو کافی کی صنعت میں کام کرنے کے لیے درکار مختلف تکنیک میں تربیت دی گئی ہے جس میں کافی کی تیاری میں خاص قسم کی مہارت،کسٹمر سروس اور اس صنعت میں ترقی پر توجہ دی جاتی ہے۔
تربیت حاصل کرنے والے سعودی طلباء کو عربین کافی انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے اسناد بھی دی گئی ہیں جس کے بعد انہیں باب رزق جمیل کے تحت الازدھار و الرفاہ ٹریڈنگ لمیٹڈ کے تعاون سے ملازمت حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
اس موقع پر کمیونٹی جمیل سعودی فاؤنڈیشن میں کاروبار کو فروغ دینے اور سماجی اقدامات کے ذمہ دار محمد عبدالغفار نے بتایا ہے کہ ہماری حکمت عملی سعودی وژن 2030 میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے سماجی اقتصادی اور ماحولیاتی خوشحالی حاصل کرنا ہے۔
کافی کی تیاری میں مہارت کے تربیتی پروگرام کا دوسرا ایڈیشن آئندہ ماہ ہو گا۔ فوٹو عرب نیوز
انہوں نے مزید بتایا کہ عربین کافی انسٹی ٹیوٹ کی شراکت داری میں اس تربیتی پروگرام کے تحت مرد وخواتین کو کافی کی صنعت میں کامیابی کے لیے ضروری تکنیک سکھائی جاتی ہیں جس کے بعد یہ نوجوان مملکت بھر میں ہوٹلوں، ریستورانوں اور کیفے میں بہترین خدمات انجام دے سکتے ہیں۔
کافی کی تیاری میں مہارت کے تربیتی پروگرام کے دوسرے ایڈیشن میں آئندہ ماہ مزید 20 طلباء کا خیرمقدم کیا جائے گا۔