پانی پُوری بیچنے والے انڈین بلے باز ’جیسوال‘ شہرت کی بلندیوں پر کیسے پہنچے؟
پانی پُوری بیچنے والے انڈین بلے باز ’جیسوال‘ شہرت کی بلندیوں پر کیسے پہنچے؟
اتوار 24 نومبر 2024 16:52
جیسوال نے بتایا تھا کہ ’میں ایک باڑے میں سوتا اور پھر اپنے چچا کے گھر پر ٹھہرتا تھا‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پرتھ ٹیسٹ میں انڈیا کے ہیرو یشاسوی جیسوال نے اتوار کو آسٹریلیا کے خلاف شاندار سینچری سکور کی، بے گھر انسان کے طور پر زندگی بسر کرنے اور سڑکوں پر پانی پوری بیچنے والے جیسوال شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 22 برس کے یشاسوی جیسوال نے آسٹریلیا کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں 161 رنز بنائے، یہ ان کی 15 ٹیسٹ میچوں میں چوتھی سینچری تھی۔
انہوں نے گذشتہ برس ویسٹ انڈیز کے خلاف ڈومینیکا میں اپنے ڈیبیو میچ میں 171 رنز کی اننگز کھیلی تھی، انہوں نے 387 گیندوں کا سامنا کیا تھا اور وہ 8 گھنٹے سے زائد وقت تک کریز پر موجود رہے۔
یشاسوی جiسوال نے رواں برس ہوم گراؤنڈ پر انگلینڈ کے خلاف دو ڈبل سینچریاں بھی سکور کیں۔
بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے جارح مزاج بلے باز نے گذشتہ برس انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں بھی عمدہ کارکردگی دکھا کر سب کو حیران کردیا تھا۔
انہیں 2019 کی آئی پی ایل نیلامی میں راجستھان رائلز نے خریدا تھا اور گذشتہ سیزن میں انگلینڈ کے وائٹ بال کے کپتان جوز بٹلر کے ساتھ ان کی ’خطرناک‘ اوپننگ جوڑی نے 163 سے زائد کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ 625 رنز بنائے۔
انڈین ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے جیسوال کو اُن نوجوانوں کے لیے رول ماڈل قرار دیا جو دیہات سے شہروں میں آتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اگر آپ محنت کریں اور آپ کا کوئی خواب بھی ہو تو آپ اسے پورا کر سکتے ہیں۔‘
جیسوال نے انڈیا کی طرف سے کھیلنے کا خواب دیکھا تھا اور اسی مقصد کے لیے وہ صرف 11 سال کی عمر میں اپنے والدین کو اُترپردیش کے گاؤں میں چھوڑ کر ممبئی چلے گئے۔
سنہ 2020 میں اے ایف پی کو ایک انٹرویو میں یشاسوی جیسوال نے بتایا تھا کہ ’میں ایک باڑے میں سوتا اور پھر اپنے چچا کے گھر پر ٹھہرتا تھا، لیکن یہ اتنا بڑا گھر نہیں تھا اور پھر انہوں نے مجھے کسی اور جگہ منتقل ہونے کو کہہ دیا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پھر میں نے آزاد میدان کے قریب ایک خیمے میں رہنا شروع کردیا، اس جگہ کو انڈیا میں کرکٹ کی ’جائے پیدائش‘ سمجھا جاتا ہے اور میں دن کے وقت وہاں کرکٹ کھیلتا تھا۔
اس دوران میں اپنے کھانے کی رقم جمع کرنے کے لیے مشہور سٹریٹ سنیکس (پانی پوری) فروخت کرتا تھا، اس کے علاوہ کلب میچز میں کبھی سکورنگ کرتا اور کبھی بال پِکنگ کرتا تھا۔
جیسوال نے بالآخر 2019 میں ممبئی کی ٹیم میں جگہ بنا لی اور 17 برس اور 292 دن کی عمر میں ڈومیسٹک ون ڈے میچ میں ڈبل سینچری بنانے والے سب سے کم عمر بیٹر بن گئے۔