سائبیرین لہر اپنے عروج پر، کئی شہروں میں سرد ویک اینڈ
جمعرات 28 نومبر 2024 10:11
’سائبیریا سے آنے والی سرد لہر کی شدت آج جمعرات اور کل جمعہ کو اپنی انتہا پر ہوگی‘ ( فوٹو: ایکس)
ماہر موسمیات عبد العزیز الحصینی نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف شہروں کے رہائشیوں پر ویک اینڈ نہایت سرد گزرے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ سائبیریا سے آنے والی سرد لہر کی شدت آج جمعرات اور کل جمعہ کو اپنی انتہا پر ہوگی۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’شمالی، مشرقی اور وسطی علاقوں میں سردی کی لہر زیادہ محسوس کی جائے گی‘۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب کے بیشتر شہروں میں درجہ حرارت میں کمی محسوس کی جائے گی‘۔
’ریاض، مشرقی ریجن اور نجران میں گرد آلود ہوا چلے گی جبکہ مکہ مکرمہ، جازان، عسیر اور الباحہ میں مطلع ابر آلود رہے گا‘۔
’مکہ مکرمہ ریجن شہروں طائف، اضم، الخرمہ، المویہ اور تربہ میں ہلکی بارش کا امکان ہے‘۔