مختلف شعبوں میں 3 لاکھ کے قریب سعودیوں کو روزگار کی فراہمی
سعودائزیشن سے سعودی کارکنوں کو روزگار کے مواقع میسرآئے ہیں (فوٹو:عرب نیوز)
سعودی وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی انجینئر احمد الراحجی کا کہنا ہے’ مختلف شعبوں میں 3 لاکھ کے قریب سعودی مرد و خواتین کو روزگار فراہم کیا گیا ہے۔‘
اخبار 24 کے مطابق بجٹ کے حوالے سے منعقدہ سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا’جن شعبوں میں سعودائزیشن کا اعلان کیا گیا تھا ان میں فارمیسی، ایکسرے ٹیکنیشن، اکاونٹنگ اور انجینئرنگ شامل ہیں ان میں سعودی کارکنوں کی خاطر خواہ تعداد کو روزگار کے مواقع میسرآئے ہیں۔‘
احمد الراجحی کا مزید کہنا تھا’گزشتہ 4 برسوں کے دوران لیبرمارکیٹ کے لیے مرتب کی گئی حکمت عملی بہتر انداز میں عمل کیا گیا ہے تاہم مارکیٹ کی مزید بہتری کےلیے نئی حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے۔‘
وزیر افرادی قوت نے کہا’ مملکت کے وژن کو مدنظر رکھتے ہوئے وزارت کی جانب سے مرتب کی گئی اسٹراٹیجی پر عمل کیا جارہا ہے جس میں بنیادی نکتہ بے روز گاری کا خاتمہ ہے اس حوالے سے کامیابی حاصل کی ہے‘۔
’سعودیوں میں بے روزگاری میں کمی کا ہدف سال 2030 تک 7 فیصد مقرر کیا گیا تھا جسے 6 برس قبل ہی حاصل کرلیا گیا ۔ وزارت افرادی قوت کی جانب سے سال 2030 کے لیے 5 فیصد کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے جس کےلیے کوشاں ہیں۔‘
معیشت کی ترقی میں سعودی خواتین کی شرکت کے حوالے سے انہوں نے بتایا’ وزارت کو جو ہدف دیا گیا تھا اس کے مطابق سال 2030 تک 30 فیصد تھا جبکہ نجی شعبے کے بھرپور تعاون سے ہم نے قبل از وقت ہی وہ ہدف حاصل کرلیا۔ اب تک 35 فیصد سعودی خواتین کو مختلف شعبوں میں روزگار فراہم کیا جاچکا ہے۔‘