امارات کے صدر اور بشار الاسد کا رابطہ، شام کی صورتحال پر تبادلہ خیال
دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں حمایت پر زور دیا۔ (فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید اور شامی صدر بشار الاسد کا اتوار کو ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔
خبر رساں ایجنسی وام کےمطابق رابطے کے دوران دونوں رہنماوں نے مشترکہ دلچسپی کے امور کے علاوہ شام کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
اماراتی صدر نے شام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں اس کی حمایت پر زور دیا۔
انہوں نے شامی بحران کا پرامن حل تلاش کرنے کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کی سپورٹ کا بھی اعادہ کیا۔
یاد رہے کہ شامی عسکریت پسندوں نے حلب پر قبضہ کرنے کے بعد اپنے حملوں کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے سب سے بڑے شہر کے ایئرپورٹ کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق عسکریت پسندوں کا کہنا ہے انہیں سرکاری دستوں کی جانب سے بہت کم مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی نے حملے کے بعد صدر کا بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا شام ’دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کے خلاف اپنے استحکام اور علاقائی سالمیت کا دفاع جاری رکھے گا۔‘
شام کی فوج نے بیان میں کہا کہ اس نے دوبارہ فوج کی تعیناتی اور ساز و سامان کی تنصیب شروع کر دی ہے اور جوابی حملے کی تیاری کر رہی ہے۔