Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا: شہباز شریف

اجلاس کو دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی پیشرفت پر بریفنگ بھی دی گئی۔ فائل فوٹو: اے پی پی
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔
پیر کو وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کی پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف نے کی۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان جاری مختلف منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم کو نومبر میں منعقدہ پاکستان سعودی عرب جوائنٹ ٹاسک فورس کے دوسرے اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔
ان کو بتایا گیا کہ قلیل عرصے میں دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے 34 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے، جس میں سے سات کو معاہدوں کی شکل دی جا چکی ہے جس کی مالیت 560 ملین ڈالر ہے۔
 اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ متعدد شعبوں میں اشتراک جاری ہے اور پاکستان اپنے برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہشمند ہے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق مسعود ملک،  خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قومی کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد اور اعلیٰ سرکاری افسران نے بھی شرکت کی۔

شیئر: