سعودی ’آرامکو‘ کے پاس 100 ملین ٹن تیل کے ذخائر، 30 برس کے لیے کافی
متبادل توانائی کے میدان میں کمپنیوں کے ساتھ تعاون پرغور کیا جارہا ہے۔(فوٹو: الاقتصادیہ)
سعودی آئل کمپنی ’آرامکو‘ کے سی ای او امین الناصر کا کہنا ہے کہ ’سعودی عرب کے پاس 100 ملین ٹن تیل کے ذخائر موجود ہیں جو آئندہ 30 برس کے لیے کافی ہیں۔‘
الاقتصادیہ اخبار کے مطابق ریاض میں جاری ’سعودی گرین انیشیٹو فورم‘ کے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے آرامکو کے سی ای او نے کہا کہ ’آرامکو کے حوالے سے توانائی کی منتقلی (متبادل توانائی) کے میدان میں کام کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ تعاون پرغور کیا جا رہا ہے۔‘
’فی الحال جو ٹیکنالوجی زیراستعمال ہے اس کے ذریعے توانائی کی پیداوار کی لاگت کو کم نہیں کیا جا سکتا۔‘
واضح رہے کہ فورم میں عالمی سطح کے مختلف ممالک کے ماہرین اور اس شعبے سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شریک ہیں جن کے پیش نظر مختلف موضوعات ہیں جن میں سرفہرست زمین کو درپیش ماحولیاتی چیلنجز سے نکالنا اور کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے لیے جدید ترین ایجادت کا استعمال ہے۔
یاد رہے سعودی عرب کی تیل کمپنی ’آرامکو‘ کا شمار دنیا میں سب سے زیادہ محفوظ ذخائر رکھنے والی کمپنیوں میں سرفہرست ہے۔
آرامکو کے تیل اور گیس کے ذخائر کا تخمیہ 259 بلین بیرل کے قریب لگایا گیا ہے۔ یہ ذخائر’ایکسو موبیل‘، شیفرون، ٹوٹل انرجیز، شیل اور بی بی کمپنیوں کے مجموعی ذخائر کے مساوی ہیں۔‘
عام طور پر خام تیل اور قدرتی گیس کے ذخائر میں تبدیلی ہوتی ہے جو قیمتوں اور نئے وسائل کی دریافت کے اعتبار سے ان میں کمی و بیشی ہونے کا امکان ہوتا ہے۔