دبئی ایئرپورٹ پر 13 سے 31 دسمبر کے درمیان 5.2 ملین سے زیادہ مسافر
یومیہ دو لاکھ 74 ہزار مسافروں کی آمد کا اندازہ لگایا گیا ہے (فائل فوٹو: عرب نیوز)
دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ موسم سرما کی تعطیلات کے آغاز کے ساتھ وزیٹرز میں اضافے کا خیرمقدم کرنے کے لیے تیار ہے۔ 13 سے 31 دسمبر کے درمیان 5.2 ملین سے زیادہ مسافروں کی آمد متوقع ہے۔
امارات کے سرکاری خبر رساں ادارے وام کے مطابق یومیہ دو لاکھ 74 ہزار مسافروں کی آمد کا اندازہ لگایا گیا ہے جس میں جمعہ 20 دسمبر مصروف ترین دن ہونے کا امکان ہے، تقریبا دو لاکھ 96 ہزار مسافروں کا خیرمقدم کیا جائے گا۔
20 سے 22 دسمبر تک ویک اینڈ پربھی سرگرمییاں عروج پر ہوں گی۔ ایک اندازے کے مطابق 8 لاکھ 80 ہزار مسافر آئیں گے۔
دبئی ایئرپورٹس پر ٹرمینل آپریشنز کی سینیئر نائب صدر عیسی الشمسی نے کہا لاکھوں وزیٹرز کے خیرمقدم کے لیے پر جوش ہیں۔ ٹرمینل 3 پر فیملی زون ایک سرمائی ونٹر لینڈ میں تبدیل ہو جائے گا۔
اس سے قبل امارات کی فضائی کمپنی ایمریٹس نے کہا تھا کہ مسافروں کے لیے سب سے مصروف دن 12 سے 15 دسمبر اور 20 سے 22 دسمبر ہوں گے جب کرسمس کے قریب ہوگا۔
نئے سال کے موقع پر27، 28، اور 29 دسمبر کو یومیہ 88 ہزار سے زیادہ مسافروں کی روانگی متوقع ہے۔
گزشتہ برس دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ایمرٹیس کی پروازوں سے یومیہ 75 ہزار سے زیادہ مسافر روانہ ہوئے تاہم 2024 میں یہ تعداد کچھ دنوں میں 89 ہزار تک پہنچ گئی ہے جو تقریبا 20 فیصد زیادہ ہے۔