مدینہ منورہ سمیت 4 ریجنوں میں سردی کی لہر اور تیز ہوا
جمعرات 19 دسمبر 2024 9:56
’مدینہ منورہ شہر کے علاوہ قرب وجوار کے علاقے بھی سرد لہر سے متاثر رہیں گے‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج جمعرات کو ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی لہر جاری رہے گی جبکہ مدینہ منورہ، تبوک، الجوف اور شمالی حدود ریجن میں تیز سرد ہوا چلے گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ کے متعلق محکمے نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ شہر کے علاوہ القنفذہ، اللیث، اضم، میسان اور الکامل میں رات 11 بجے تک ہلکی بارش کا امکان ہے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’مدینہ منورہ میں تیز سرد ہوا چلے گی جس سے العلا اور خیبر زیادہ متاثر ہوں گے جبکہ مدینہ منورہ شہر کے علاوہ قرب وجوار کے علاقے بھی سرد لہر سے متاثر رہیں گے‘۔
’اس سے ملتی جلتی کیفیت الجوف، تبوک اور شمالی حدود ریجن میں رہے گی جہاں کل صبح تک سرد تیز ہوا چلنے کا امکان ہے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’اللوز پہاڑ، علقان پہاڑ اورالظہر پہاڑ پر برف باری کا امکان ہے ‘۔