Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وراٹ کوہلی نے میلبرن ایئرپورٹ پر آسٹریلوی میڈیا پر کیوں غصہ کیا؟

برسبین میں کھیلا گیا سیریز کا تیسرا میچ بارش کے باعث ڈرا ہو گیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹ ٹیم کے سٹار بیٹر وراٹ کوہلی میلبرن ایئرپورٹ پر آسٹریلوی میڈیا پر غصہ ہوتا دکھائی دیے۔
لائیو منٹ کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کو پیش آیا جب وراٹ کوہلی اپنے اہلخانہ کے ہمراہ میلبرن ایئرپورٹ پر پہنچے جہاں آسٹریلوی میڈیا کے نمائندوں نے اُن کی فیملی کی ویڈیوز اور تصاویر بنانے کوشش کی جس پر بیٹر غصہ ہو گئے۔
یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب چینل سیون کے نمائندے آسٹریلوی فاسٹ بولر سکاٹ بولینڈ کا انٹرویو کر رہے تھے کہ اس دوران وراٹ کوہلی اپنی فیملی کے ہمراہ ایئرپورٹ سے باہر نکلے۔
وراٹ کوہلی اور اُن کے گھر والوں کو دیکھتے ہی میڈیا نے اپنے کیمرے اُن کی جانب کر دیے جس پر بیٹر میڈیا سے غصے میں مخاطب ہوئے کہ اُن کی فیملی کی پرائیویسی کا خیال نہیں رکھا گیا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر وائرل ویڈیو میں وراٹ کوہلی کہتے ہیں کہ ’بچوں کے ساتھ مجھے پرائیویسی کی ضرورت ہے، آپ مجھ سے پوچھے بغیر فلم نہیں بنا سکتے۔‘
دوسری جانب چینل سیون کے رپورٹر تھیو ڈوروپولس نے انکشاف کیا کہ وراٹ کوہلی کو غلط فہمی ہوئی ہے کہ میڈیا اُن کے بچوں کی ویڈیو بنا رہا تھا۔
خیال رہے کہ انڈین ٹیم بارڈر گواسکر سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ کے لیے برسبین سے میلبرن پہنچ گئی ہے۔
پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔
بارڈر گواسکر سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انڈیا نے آسٹریلیا کو شکست دے دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے انڈیا کو ہرا دیا تھا۔
برسبین میں کھیلا گیا سیریز کا تیسرا میچ بارش کے باعث ڈرا ہو گیا تھا۔
سیریز کا چوتھا میچ 26 دسمبر سے میلبرن کے ایم سی جی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: