Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیکٹ چیک: آوارہ کتوں کے حملے کا واقعہ لاہور میں، وائرل ویڈیو انڈیا کی

گزشتہ دنوں سے وائرل انڈیا کی پرانی ویڈیو کو لاہور کے واقعے سے جوڑا جا رہا ہے۔ (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر آوارہ کتوں کے خاتون پر حملے کی وائرل ہونے والی ویڈیو کا تعلق انڈیا کے شہر جالندھر سے نکلا۔ 
گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہوئی تھی جس میں آوارہ کتوں کو ایک خاتون پر حملہ آور ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ 
وائرل ویڈیو میں ایک خاتون گھر کے باہر گلی میں پیدل چل رہی تھیں جب آوارہ کتوں نے انہیں گھیر لیا، خاتون کافی دیر تک ان کتوں کو اپنے دوپٹے سے ڈرا کر بھگانے کی کوشش کرتی ہیں لیکن کتے انہیں زمین پر گھسیٹتے ہوئے زخمی کر دیتے ہیں۔
دوسری جانب جمعے کے روز سٹی ٹریفک پولیس لاہور کی جانب سے ایک خبر سامنے آئی جس میں لاہور کی ایک نجی سوسائٹی میں آوارہ کتوں کے حملے کا ذکر کیا گیا۔ 
اردو نیوز کو موصول ہونے والی ابتدائی تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے مناواں کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں اینیمل ریسکیو سینٹر نے کارروائی کرتے ہوئے آوارہ کتوں کو دھر لیا تھا۔
تاہم اس واقعے کی تفصیلات کے ساتھ ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی جس کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ 
اس ویڈیو سے متعلق  ترجمان سٹی ٹریفک پولیس رانا عارف نے اردو نیوز کو بتایا کہ ویڈیو کا تعلق انڈیا سے ہے۔ 
ان کے بقول 'اہل محلہ نے ویڈیو دکھا کر انہیں گمراہ کیا، لاہور میں ایک الگ واقعہ پیش آیا تھا جس کے بعد پولیس اینیمل ریسکیو سینٹر نے کارروائی کرتے ہوئے کتوں کو دھر لیا ہے۔
لاہور میں ایک نجی سوسائٹی میں آوارہ کتوں نے شفیق الرحمان نامی شہری کی بیٹی پر حملہ کیا تھا۔ 
 سٹی ٹریفک پولیس لاہور کے ترجمان کے مطابق شہری نے سوسائٹی کے آپریشنل مینیجر کو درخواست دی جس کے بعد اہل محلہ نے پولیس اینیمل ریسکیو سینٹر کو اطلاع دی۔ 
شفیق الرحمان نامی شہری نے درخواست میں بتایا ہے کہ ان کی بیٹی پر آوارہ کتوں نے حملہ کیا جس کے باعث وہ ڈر گئی۔ درخواست کے مطابق بچی گھر کی طرف بھاگنے کے دوران گر کر زخمی بھی ہوئی۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے بقول 'پولیس اینمل ریسکیو سینٹر نے میونسپل کارپوریشن کی مدد سے کتوں کو پکڑ کر این جی او کے حوالے کردیا ہے جبکہ نجی سوسائٹی کو موثر اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ 
 

شیئر: