مصر میں ایک آوارہ کتے نے دنیا بھر میں ہاہاکار مچادی
مصر میں ایک آوارہ کتے نے دنیا بھر میں ہاہاکار مچادی
پیر 28 اکتوبر 2024 12:01
عبد الستار خان - اردو نیوز، جدہ
بات کچھ عجیب سی ہے۔
اصل میں بات ہے نہیں، بس بن گئی ہے۔
اب کیسے کہوں، چلو کہے دیتا ہوں۔
بات یہ ہے کہ مصر میں اہرامات کی چوٹی پر ایک آوارہ کتا پایا گیا۔ پایا کیا گیا وہ تو وہیں گھومتے رہتے ہیں مگر اس مرتبہ جس وقت کتا اہرامات کی چوٹی پر تھا، عین اس وقت ایک مغربی سیاح الیکٹریکل پیراشوٹ کے ذریعے اہرامات کے فضائی منظر سے لطف اندوز ہو رہا تھا۔
اس سیاح کی نگاہ اس کتے پر پڑی اور اس نے ویڈیو بنالی اور ٹک ٹاک پر شیئر کردی۔
اس ایک ویڈیو کو4.8 ملین لوگوں نے دیکھا۔ بعد میں دوسرے لوگوں نے بھی ویڈیو شیئر کی اور مجموعی طور پر ویڈیو کو ایک بلین ویوز حاصل ہوئے۔
پھر کیا تھا، پورے سوشل میڈیا میں ہاہاکار مچ گئی، سی این این کیا، مغربی میڈیا کیا اور عرب میڈیا کیا۔ اس کتے کی کہانی وائرل ہوگئی۔
کسی نے کہا ہے کہ فرعونی تہذیب کے قدیم دیوتا کی روح اس کتے میں سما گئی ہے۔
کسی نے کہا ہے کہ ’فرعونی تہذیب کی دیوتاؤں نے اس کتے کو خاص طور پرکسی مہم کے لیے روانہ کیا ہے‘۔
معاملہ یہاں ختم نہیں ہوا۔
مغربی لوگوں نے مصری حکام سے کہا کہ آپ ہمیں یہ کتا دے دیں، تمہیں اس کی قدر نہیں، ہم جانتے ہیں کہ یہ کیا کتا ہے، ہم اسے ایک لاکھ ڈالر میں خریدنا چاہتے ہیں۔
جب پوری دنیا میں ہاہاکار مچ گئی تو مصری حکام بھی بے چارے متحرک ہوگئے۔ وزیر سیاحت خود چل کر آئے اور کتے کے ساتھ تصویر بناکر سرکاری میڈیا میں شائع کروادی تاکہ سند رہے کہ یہاں کتوں کی بڑی قدر ہے۔
اچھا اصل رہائشی کیا کہتے ہیں۔
اصل میں رہائشیوں کو شغل لگ گیا ہے اور کچھ منچلوں نے لمبی لمبی چھوڑنا بھی شروع کردی مگر جو سنجیدہ لوگ ہیں وہ ورطہ حیران ہیں۔
ایک بردبار اور سنجیدہ بزرگ نے گھتی کھول دی ہے:
کہا: صاحب! معاملہ کچھ نہیں ہے، پتہ نہیں لوگوں کا دماغ کیوں خراب ہوا ہے، یہاں لا تعداد آوارہ کتے پھرتے رہتے ہیں اور اہرامات کے علاقے میں بھی آتے رہتے ہیں بلکہ اکثر اہرامات کی چوٹی پر بھی چڑھ جاتے ہیں۔
اب مغربی سیاحوں کو اس کتے میں کیا خاص نظر آیا ہے ہمیں نہیں معلوم۔