چیک پوسٹ پر حملے میں 16 سکیورٹی اہلکار جان سے گئے، 8 حملہ آور ہلاک
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے اور اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ پر شدت پسندوں کے حملے میں 16 اہلکار جان کی بازی ہار گئے جبکہ آٹھ حملہ آور بھی مارے گئے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے سنیچر کی رات کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ’20 اور 21 دسمبر کی درمیانی رات کو ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں خوارج کے ایک گروہ نے سکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی۔‘
’اس کوشش کو سکیورٹی اہلکاروں نے مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا اور فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں آٹھ خوارج ہلاک ہو گئے، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں 16 اہلکار بہادری سے لڑتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔‘
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ ’علاقے میں سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے اور اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔‘
بیان کے مطابق ’پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔‘