Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اماراتی وزیر خارجہ کا شامی ہم منصب سے ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال

شام اور امارات کے درمیان تعلقات بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔(فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید نے پیر کو شام کی عبوری حکومت مں اپنے نئے ہم منصب سے بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد ملک کی تازہ صورتحال پر بات چیت کی ہے۔
اماراتی وزیر خارجہ اور ان کے شامی ہم منصب اسعد حسن الشیبانی نے شام اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
وام کے مطابق ٹیلی فونک رابطے کے دوران شیخ عبداللہ بن زاید نے شام کے اتحاد، سالمیت اور خود مختاری کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا ’متحدہ عرب امارات ایک جامع ٹرانزیکشن کی سپورٹ کرتا ہے جو شامی عوام کی سلامتی، ترقی، با وقار زندگی اور خوشحال مستقبل کی امنگوں کو پورا کرتا ہے۔‘
یاد رہے کہ37 سالہ اسعد حسن الشیبانی کو نئی عبوری حکومت نے ملک کا وزیر خارجہ مقرر کیا ہے۔
اس سے قبل سعودی عرب کے وفد نے ایوان شاہی کے مشیر کی قیادت میں شام کی انتظامیہ کے نئے سربراہ احمد الشرح سے شام کے صدارتی محل میں ملاقات کی تھی۔
عرب نیوز کے مطابق گزشتہ ہفتے احمد الشرع نے سعودی اخبار الشرق الاوسط کو دیے گئے انٹرویو میں سعودی عرب اور ہمسایہ خلیجی ممالک کی جانب سے ہونے والی پیش رفت کو سراہا تھا۔
انہوں نے انٹرویو میں کہا تھا کہ ’ہم خلیجی ممالک میں ہونے والی ترقی کو سراہتے ہیں بالخصوص سعودی عرب کے جرات مندانہ منصوبوں اور وژن کو اور ہم اسی طرح کی ترقی شام میں دیکھنا چاہتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’تعاون کے متعدد مواقع موجود ہیں خاص طور پر معاشی اور ترقیاتی شعبوں میں اور ان میں ہمارےاہداف یکساں ہو سکتے ہیں۔‘

شیئر: