Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور سری لنکا کے 50 سالہ سفارتی تعلقات میں کرکٹ کی اہمیت

سری لنکا نے کرکٹ سمیت ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات بہتر بنانے کے اقدامات کیے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب میں کرکٹ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر اگر آپ سری لنکن کرکٹرز کو مستقبل قریب میں سعودی ٹیم کے ساتھ کھیلتے ہوئے دیکھیں تو یہ حیرانی کی بات نہیں ہو گی۔
عرب نیوز کے مطابق ریاض میں سری لنکا کے سفیر عمر لابے امیر عجود نے 50 سالہ سفارتی تعلقات کے موقع پر ایک انٹرویو میں بتایا دونوں ممالک کے تعلقات بہت خوشگوار ہیں۔
سری لنکن سفیر نے مزید کہا ’ہم نے مملکت کے ساتھ ان تمام شعبوں میں تعلقات مزید بہتر بنانے کے اقدامات کیے ہیں جو دونوں ممالک کے لیے اہم ہیں، ان میں سے ایک کرکٹ بھی ہے۔‘
’مستقبل قریب میں سری لنکن اور سعودی عرب کی ٹیموں کے درمیان دوطرفہ کرکٹ میچز کا انعقاد کریں گے، اس سلسلے میں ہم سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن(ایس اے سی ایف)  کے ساتھ رابطے میں ہیں۔‘
سفیر عمر لابے  نے بتایا کہ دونوں ممالک کے کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوروں کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور اس حوالے سے بات چیت کا آغاز ہو چکا ہے۔
سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل السعود نے کرکٹ میں تعاون کے لیے سری لنکا کا دورہ بھی کیا ہے۔ 
 

سری لنکن سفیرعمر لابے نے دوطرفہ کرکٹ میچز کی تجویز دی ہے۔ فوٹو عرب نیوز

سری لنکا مملکت کے ساتھ سفارتی تعلقات کے 50 سال مکمل ہونے کی خوشی میں دوستانہ کرکٹ میچ کے انعقاد کے لیے سری لنکن کرکٹ سٹارز کو مملکت لایا جائے گا۔
سری لنکن کرکٹ سٹار اور قومی ٹیم کے سابق کپتان کمار سنگاکارا نیوم میں نیوم اور راجستھان رائلز کے کرکٹ پروگرام کے دوسرے سیزن کا حصہ تھے۔
انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم راجستھان رائلز کے ہیڈ کوچ، کرکٹ سٹار اور سابق کپتان راہل ڈریوڈ نے بھی نیوم کرکٹ پروگرام میں شرکت کی تھی۔
گزشتہ ماہ جدہ کے عبادی الجوہر تھیٹر میں ٹاٹا آئی پی ایل میگا نیلامی کی میزبانی کی گئی اس تقریب میں بین الاقوامی کرکٹ سٹارز اور انڈین پریمئر لیگ فرنچائزز کے مالکان شریک ہوئے۔

جدہ میں ٹاٹا انڈین پریمئر لیگ کی میگا نیلامی کی میزبانی کی گئی۔ فوٹو عرب نیوز

سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن نے ٹاٹا آئی پی ایل میگا نیلامی کو جدہ میں’ کھیلوں کی تاریخی کامیابی‘ قرار دیا ہے۔
انڈین پریمیئر لیگ نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا ہے ’جدہ میں ٹاٹا آئی پی ایل پارٹنرز کی اس نیلامی کو ایک منفرد تجربہ رہا جسے پہلے کبھی نہ دیکھا۔‘
علاوہ ازیں پاکستانی کرکٹ لیجنڈز وسیم اکرم اور شعیب اختر نے بھی حال ہی میں سعودی عرب کا دورہ کیا اور کرکٹ کی ترقی اور تعاون کے امکانات روشن کرنے کے لیے سعودی کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین سے ملاقات کی۔

شیئر: