Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عریبین کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل السعود سے محسن نقوی کی ملاقات

دونوں حکام کے درمیان ریاض میں ملاقات ہوئی۔ (فوٹو: وزارت داخلہ)
سعودی عریبین کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل السعود سے پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ریاض میں ملاقات کی ہے۔
بدھ کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ریاض میں ملاقات کے دوران سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ اور کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں اضافے پر تبادلہ خیال ہوا۔
وزیر داخلہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے سعودی عریبین کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین کو چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے میچز دیکھنے کے لیے پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
انہوں نے سعودی کھلاڑیو کو تربیت دینے، کرکٹ کے فروغ اور سٹیڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ کرکٹ ڈویلپمنٹ کے لیے پلیئرز ایکسچینج پروگرام شروع کیا جا سکتا ہے۔
’سعودی عرب اپنے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو پاکستان بجھوا سکتا ہے اور کرکٹ ڈیویلپمنٹ اور سٹیڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے پوری معاونت کریں گے۔ سعودی عرب ہر پاکستانی کا دوسرا گھر ہے۔ تعاون پر خوشی ہو گی۔‘
سعودی عریبین کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل السعود نے کہا کہ ’پلیئرز کی ڈیویلپمنٹ پر کام کر رہے ہیں۔ سعودی عرب میں کرکٹ کے تقریباً 18 ہزار کھلاڑی ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب نے ایشین کرکٹ کونسل کا چیلنج کپ بھی جیتا ہے۔ پاکستان کے ساتھ کرکٹ کے فروغ کے لیے قریبی تعاون کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔‘

شیئر: