Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین پریمیئر لیگ کے کھلاڑیوں کی نیلامی اتوار کو جدہ میں ہوگی

عالمی سطح پر پہلی بڑی تقریب ہے جو مملکت میں منعقد کی جارہی ہے (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی کرکٹ فیڈریشن اتوار 24 نومبر کو جدہ میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے کھلاڑیوں کی نیلامی کی دو روزہ تقریب کی میزبانی کرے گی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کےمطابق فیڈریشن کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ ’عالمی سطح پر یہ اپنی نوعیت کی پہلی بڑی تقریب ہے جو مملکت میں 24 اور 25 نومبر کو منعقد کی جارہی ہے‘۔
سپورٹس کی دنیا میں اس نوعیت کی بڑی اور اہم تقریب کا انعقاد سپورٹس کے فروغ کے لیے اہم ہے۔
واضح رہے آنڈین پریمیئر لیگ ’آئی پی ایل‘ کرکٹ کی دنیا میں کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ سال 2025 کے لیے نیلامی میں دنیا بھر سے 1574 کرکٹ کے کھلاڑیوں کو رجسٹر کیا گیا ہے۔
 سعودی کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل بن محمد نے نیلامی کی تقریب کی میزبانی پر مسرت کا اظہار کیا جو انڈین کرکٹ فیڈریشن کے ساتھ گہرے روابط کو ظاہر کرتی ہے۔
 نیلامی کی تقریب  کا انعقاد مملکت میں کرکٹ کے شائقین کے لیے منفرد موقع ہوگا جس میں وہ اپنی پسندیدہ ٹیموں کے کھلاڑیوں کے انتخاب کے عمل کو دیکھ اور معلومات حاصل کرسکیں گے۔
خیال رہے کرکٹ دنیا میں سب سے زیادہ مقبول کھیلوں میں شامل ہے۔ ایک اندازے کے مطابق دنیا میں اس کے شائقین کی تعداد 2.5 بلین کے قریب ہے۔
مملکت میں مقیم غیرملکیوں میں زیادہ کا تعلق پاکستان، بنگلہ دیش اور انڈیا سے ہے، جہاں کرکٹ کو بہت پسند کیا جاتا ہے۔
سعودی عرب کی کرکٹ فیڈریشن بھی سعودیوں میں اس کھیل کی مقبولیت کو بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔ سکولوں میں اسے متعارف کرانے کے لیے ایک پروگرام شروع کیا ہے۔
یاد رہے گذشتہ سال آئی پی ایل کھلاڑیوں کی نیلامی دبئی میں ہوئی تھی، جو بین الاقوامی کرکٹ ٹورنامنٹس کے لیے معروف مقام ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ اس سال مجموعی طور پر 574 کھلاڑی نیلامی کے لیے دستیاب ہوں گے، جن میں انڈین وکٹ کیپر ریشب پنت، انگلینڈ کے تجربہ کار جیمز اینڈرسن، اور نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر راچن رویندر شامل ہیں۔
دبئی میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2024 کی ہونے والی نیلامی میں تاریخ رقم ہوئی جہاں آسٹریلوی فاسٹ بولر لیگ کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی بنے۔

آسٹریلوی فاسٹ بولر لیگ کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی بنے۔(فوٹو: ایکس اکاونٹ)

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر مچل سٹارک کو شاہ رخ خان کی ٹیم کلکتہ نائٹ رائیڈرز نے 24.75 کروڑ انڈین روپے میں خریدا۔
مچل سٹارک کے علاوہ آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز بھی آئی پی ایل کے مہنگے تین کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہیں سن رائزرز حیدرآباد نے 20.50 کروڑ انڈین روپے میں خریدا تھا۔
اس کے علاوہ نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر ڈیرل مچل کو چنئی سپر کنگز نے 14 کروڑ روپے میں خریدا۔ 
پنجاب کنگز نے 11.75 کروڑ انڈین روپے میں فاسٹ بولر ہرشل پٹیل اور 4.2 کروڑ روپے میں کرس ووکس کی خدمات حاصل کی تھیں۔

شیئر: