ایک ہفتے کے دوران 14 ارب ریال اخراجات، کس شہر میں سب سے زیادہ خریداری
ایک ہفتے کے دوران جدہ کے رہائشیوں نے 1.9 ارب ریال خرچ کے۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں ایک ہفتے کے دوران کھانے اور مشروبات پر 2.1 ارب ریال خرچ کیے گئے۔ گزشتہ ہفتے کے پوائنٹ آف سیل ٹرانزیکشن میں 40.8 فیصد کا اضافہ ہوا۔
اخبار 24 کے مطابق سعودی سینٹرل بینک (ساما) نے 25 سے 31 اگست 2024 کے دوران مملکت بھر میں ہونے والے اخراجات کی رپورٹ جاری کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مملکت میں رہنے والوں نے مجموعی طور پر 14 ارب ریال کے اخراجات کیے۔ ریستوران اور کیفے پر 1.9 ارب ریال، کپڑوں اور جوتوں کی خریداری پر 785 ملین ریال اور مختلف اشیا و خدمات پر 1.5 ارب ریال خرچ کیے۔
ساما کا کہنا ہے تعمیراتی سامان پر 343.5 ملین ریال، تعلیم پر 516.2 ملین ریال، الیکٹرانک آلات کی خریداری پر 211.5 ملین ریال، گیس سٹیشنوں پر 983.4 ملین ریال، صحت پر 870.5 ملین، فرنیچر پر293.4 ملین ریال اور ہوٹلوں پر 238.3 ملین ریال کے اخراجات کیے گئے۔
گزشتہ ایک ہفتے کے دوران صارفین نے یوٹیلٹیز پر 78.8 ملین ریال، زیورات پر 229.9 ملین ریال، تفریح اور ثقافت پر 334.2 ملین ریال، مواصلات پر 131.9 ملین ریال کے علاوہ دیگر اخراجات پر 2.4 ملین ریال خرچ کیے۔
ساما نے رپورٹ میں بتایا کہ شہروں کے حوالے سے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران سب سے زیادہ اخراجات ریاض کے رہائشیوں نے کیے انہوں نے 4.7 ارب ریال خرچ کیے۔
جدہ کے رہنے والے 1.9 ارب ریال خرچ کے ساتھ دوسرے، دمام کے باشندوں 691 ملین ریال کے ساتھ تیسرے، مکہ مکرمہ کے رہنے والے 517.8 ملین ریال کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے جبکہ مدینہ منورہ کے رہائشی پانچویں پوزیشن پر رہے۔ انہوں نے 507 ملین ریال خرچ کیے۔
الخبر شہر کے لوگ فہرست میں چھٹے نمبر پر رہے انہوں نے 390.6 ملین ریال خرچ کیے۔ بریدہ کے شہری 335.5 ملین ریال، تبوک کے رہائشیوں نے 294.1 ملین ریال، حائل کے رہنے والوں نے 231.8 ملین ریال، ابھا کے لوگوں نے 191.2 ملین ریال اور دیگر شہروں کے لوگوں نے 4.1 ارب ریال ایک ہفتے کے دوران خرچ کیے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں