Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض: اونٹ فیسٹیول میں دستکاری کے شاہکار فن پاروں کی نمائش

فیسٹیول میں مقامی دستکاروں کو اپنا فن عالمی سطح پر پیش کرنے کا موقع ملتا ہے۔ فوٹو واس
ریاض میں جاری کنگ عبدالعزیز کیمل فیسٹیول کی تخلیقی جھلکیوں میں رواں سال ایک مشہور مقامی دستکار کے شاہکار فن پارے نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔ 
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ نادر فن پارے نہ صرف ’صحرائی جہازوں‘ سے متعلق ہیں بلکہ مملکت کے ثقافتی فنون اور دستکاری کو بھی واضح کرتے ہیں۔
عبدالرحمن الزاحم اپنے اونٹوں اور مقامی اوزاروں سے تیار کئے گئے فن پاروں کی عکاسی کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔ ان کے ہر فن پارے کو سعودی عرب کی وراثت اور زمین سے خاص تعلق کی علامت کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
سعودی ماہر دستکار عبدالرحمن الزاحم فن پارے تخلیق کرنے کے علاوہ اپنا زیادہ وقت نوجوان فنکاروں کی تربیت میں صرف کرتے ہیں جن میں ان کی اپنی بیٹی بھی شامل ہے۔

مقامی دستکار کے فن پارے کو وراثت سے خاص تعلق کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ فوٹو واس

ریاض کے شمال مشرق میں الصیاھد کا مقام تاریخ اور فطرت کو یکجا کرنے والوں کے لیے پُرکشش مقام ہے جو ورثے اور ثقافت کی علامت سمجھا جاتا ہے یہاں منعقد ہونے والا فیسٹیول اونٹوں کے حوالے سے خاص شہرت رکھتا ہے۔
فیسٹیول میں مختلف ثقافتی فنون کے لیے ایک خاص پلیٹ فارم مہیا کیا گیا ہے جہاں مقامی دستکاروں کو اپنا فن عالمی سطح پر پیش کرنے کا موقع ملتا ہے۔

الصیاھد میں یہ فیسٹیول اونٹوں کے حوالے سے خاص شہرت رکھتا ہے۔ فوٹو واس

فنون اور اونٹوں کے امتزاج نے اس ایونٹ کو زائرین اور سیاحوں کے لیے دلچسپ بنا دیا ہے جو مملکت کی اقتصادی اور ثقافتی ترقی میں بھی معاون ہے۔ فیسٹیول 31 دسمبر تک جاری رہے گا۔
 

شیئر: