Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزارت ثقافت کا اونٹوں پر مطالعہ کے لیے 20 محققین کو عطیہ

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں 2024 کو اونٹوں کا عالمی سال قرار دیا گیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی وزارت ثقافت نے گزشتہ جون میں وزارت ماحولیات، پانی و زراعت اور کنگ فیصل یونیورسٹی کے تعاون سے متعارف کرائی گئی کیمل سٹڈیز گرانٹ کے لیے تشخیص اور انتخاب کا عمل مکمل کر لیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ گرانٹ اونٹوں سے متعلق مطالعات میں دلچسپی رکھنے والے ایسے محقیقین کے لیے اہم ہے جو مخصوص شعبوں میں سائنسی تحقیق کے ذریعے ثقافتی، سماجی اور اقتصادی پہلوؤں سے جڑے ہوئے ہیں۔
وزارت ثقافت نے 15 ممالک سے وصول ہونے والی 405 درخواستوں میں سے ضروری معیار پر پورا اترنے والی 20 تحقیقی تجاویز کو عطیے کے لیے منتخب کیا ہے۔
منتخب محققین کو اپنے سائنسی مقالوں پر کام کرنے اور انہیں شائع کرانے کے لیے یہ خصوصی عطیات دئیے جائیں گے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے طرف سے 2024 کو اونٹوں کے عالمی سال کے طور پر اعلان کے بعد یہ عطیہ اونٹوں پر تحقیق کی مہم  کے تحت کی جانے والی سرگرمیوں کا حصہ ہے۔
گرانٹ کا مقصد مملکت کی ثقافتی علامت کے طور پر اونٹوں پر سٹڈی کی حوصلہ افزائی، قومی ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانا، سعودی عرب میں اونٹوں سے متعلق ورثے کو ابھارنا، قومی شناخت کو مضبوط کرنا اور سعودی ثقافت کو عالمی سطح پر روشناس کرانا ہے۔

تاریخی لحاظ سےعرب اور اسلامی معاشروں میں اونٹوں کی خاص اہمیت ہے۔ فوٹو واس

تاریخی، ثقافتی، سماجی، اقتصادی، ماحولیاتی اور اونٹوں کی صحت سے متعلق تحقیقی پہلو پر محیط چھ اہم شعبوں  کا جائزہ لیا جائے گا۔
تاریخی لحاظ سے مختلف تہذیبوں میں اونٹوں کی اہمیت کا موازنہ کرنے والے مطالعات، ورثے کو محفوظ رکھنے کے طریقوں اور اونٹوں سے متعلق روایات کا تجزیہ اور تحقیق شامل ہے۔
ثقافتی شعبے میں عربی اور سعودی ادب میں اونٹوں کی فنون اور ادبی نمائندگی، بچوں کی کتابوں اور مختلف فنونِ لطیفہ کے ذریعے ان کی عکاسی، نقاشی اور مجسمہ سازی شامل ہے۔
سماجی پہلوؤں میں عرب اور اسلامی معاشروں میں اونٹوں کی اہمیت کا جائزہ لیا جائے گا، جس میں اونٹوں کی ملکیت سے جڑی روایات اور مقامی و عالمی کمیونٹیز پر اونٹوں سے جڑی تقریبات کے اثرات شامل ہیں۔

مملکت کی ثقافتی علامت اونٹوں پر سٹڈی کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ فوٹو عرب نیوز

اقتصادی پہلو میں اونٹوں کی مالی معاونت کا جائزہ لیا جائے گا، جس میں اونٹ فیسٹیول کےعلاوہ اونٹ کی اون، کھال  اور چمڑے کا فرنیچر اور فیشن انڈسٹری میں استعمال شامل ہے۔
اونٹوں کے لیے ماحولیاتی پہلو سے کی جانے والی تحقیق میں پائیدار چراگاہوں اور خشک خطوں میں ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے پر تحقیق کی جائے گی۔
صحت کے حوالے سے کی جانے والی تحقیق میں اونٹ کی کھال کی مصنوعات کی درجہ بندی، اونٹ کے گوشت کے معیار کی پیمائش کے لیے جدید ٹیکنالوجیز اور اونٹوں کی نسل محفوظ رکھنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
 

شیئر: