Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان نے کہا ہے کہ کسی کے کہنے پر ڈیل نہیں کروں گا، علیمہ خان

یہ صفحہ اب مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا
اہم نکات
عمران خان نے کہا ہے کہ کسی کے کہنے پر ڈیل نہیں کروں گا: علیمہ خان
اسلامی نظریاتی کونسل کا مدرسہ رجسٹریشن آرڈیننس کو اسمبلی سے جلد منظور کرنے کا مطالبہ
موٹر وے پر فتح جنگ کے قریب بس حادثے میں 10 افراد ہلاک، 7 زخمی
گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا افتتاح تیسری مرتب التوا کا شکار
پاکستان کے اذان علی خان سکواش کے جونیئر اوپن چیمپیئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئے

سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ ’اسٹیبلشمنٹ یا کسی باہر کے ملک کے کہنے پر ڈیل نہیں کروں گا۔‘
پیر کو اڈیالہ جیل میں عمران خان نے ملاقات کے بعد علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’توشہ خانہ ٹو کیس توشہ خانہ کے پہلے کیس جیسا ہے جبکہ انہوں نے القادر یونیورسٹی کیس میں چھ جنوری کو عمران خان کو سزا سنانی ہے، پر یہ دونوں کیسز اعلٰی عدالتوں میں ختم ہو جائیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ ’عدلیہ کا مذاق‘ بنایا گیا ہے۔
’عمران خان پوچھ رہے ہیں کہ مجھے ڈیل کرنے کی کیا ضرورت ہے جب میں کیسز لڑ رہا ہوں۔ اسٹیبلشمنٹ یا کسی باہر کے ملک کے کہنے پر ڈیل نہیں کروں گا۔ میں ہر کیس لڑوں گا۔‘
علیمہ خان کے مطابق ’عمران خان نے صرف دو مطالبات دہرائے ہیں 26 نومبر اور نو مئی پر جوڈیشل کمیشن اور بے گناہ قیدیوں کی رہائی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’عمران خان نے کہا ہے کہ وہ بنی گالہ ہاؤس اریسٹ میں نہیں جائیں گے۔‘

اسلامی نظریاتی کونسل کا مدرسہ رجسٹریشن آرڈیننس کو اسمبلی سے جلد منظور کرنے کا مطالبہ

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے سوسائٹی ایکٹ میں ترمیم اور مدرسہ رجسٹریشن آرڈیننس کے اجرا کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسے قومی اسمبلی سے جلد از جلد منظور کیا جائے۔
اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے ڈائریکٹر جنرل آف ریلیجیس ایجوکیشن (ڈی جی آر ای) سے رجسٹرڈ مدارس کو قانونی حیثیت مل گئی ہے۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کہا کہ نئے مدرسہ آرڈیننس کو جلد از جلد قومی اسمبلی سے منظور کروا کے باقاعدہ قانونی حیثیت دی جائے، یہ معاملہ اب مستقل حل ہو گیا ہے اس لیے مزید سیاست نہ کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس ضمن میں انتہائی احتیاط سے کام لیتے ہوئے مدارس کے رجسٹریشن معاملات کو حل کر دیا ہے، اب ڈی جی آر ای سے رجسٹرڈ شدہ 18 ہزار 600 سے زائد مدارس کو دوبارہ رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے متحدہ عرب امارات کے سفیر کی ملاقات

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزعابی کی ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں دو طرفہ تعاون کو مزید بلندی پر پہنچانے کے لیے پنجاب اور یو اے ای کا ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں معاشی تعاون اور پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں اور سیاحت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا اور یو اے ای کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
مریم نواز شریف نے  یو اے ای کے سرمایہ کاروں کے لیے خصوصی مراعات اور سازگار ماحول کی یقین دہانی کروائی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبہ پنجاب زراعت، ٹیکنالوجی، گرین انرجی اور دیگر شعبوں میں عرب امارات کے ساتھ تعاون کا خواہاں ہے۔

موٹر وے پر فتح جنگ کے قریب بس حادثے میں 10 افراد ہلاک، 7 زخمی

موٹر وے ایم 14 پر فتح جنگ کے قریب مسافر بس کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک جبکہ 7 زخمی ہیں۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق بس بہاولپور سے اسلام آباد جا رہی تھی جب بس ڈرائیورکی لاپرواہی کی وجہ سے بس الٹ گئی۔ 
موٹر وے پولیس نے مزید کہا کہ ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال فتح جنگ منتقل کر دیا گیا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ 

گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا افتتاح ایک مرتبہ پھر التوا کا شکار

گوادر ائیرپورٹ کا باضابطہ افتتاح تیسری مرتبہ التوا کا شکار ہو گیا ہے۔
پی آئی اے ترجمان کے مطابق گوادر کے لیے پہلی فلائٹ جنوری کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کی گئی ہے۔
 گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ یکم جنوری کو پروازوں کے لیے فعال ہونا تھا تاہم پہلی پرواز منسوخ کر دی گئی ہے۔

آئی جی پنجاب کا نیو ایئر نائٹ پر ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ پر کارروائی کا حکم

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نیو ایئر نائٹ پر ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف 3595 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 3865 ملزمان کو سزائیں دلوائی گئی ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ نیو ایئر نائٹ پر ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔

پاکستان کے اذان علی خان جونیئر اوپن چیمپیئن شپ سکواش کے فائنل میں پہنچ گئے

پاکستان جونیئر انڈر 17 کیٹیگری سکواش چیمپیئن اذان علی خان ایڈنبرگ میں جاری سکاٹش جونیئر اوپن چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔
اذان علی خان نے سکاٹس جونیئر اوپن چیمپیئن شپ کے کواٹر فائنل میں برطانوی کھلاڑی جورج بارکر کو 11-3، 11-6 اور 11-3 سے شکست دی جبکہ سیمی فائنل میں آسٹریلین کھلاڑی کیسپیر چونگ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔
اذان علی خان آج فائنل میں سویٹزر لینڈ کے کھلاڑی لینڈرو واگل کے مدمقابل ہوں گے۔
ایونٹ مین 22 ممالک سے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جن میں کینیڈا، برطانیہ، اٹلی، مصر اور امریکہ سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔

شیئر: