Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خلیج کپ: سعودی عرب دوڑ سے باہر، عمان اور بحرین فائنل کھیلیں گے

دوسرے سیمی فائنل میں بحرین نے میزبان کویت کو 0-1 سے شکست دی۔ فوٹو عرب نیوز
26ویں خلیج فٹبال کپ کے سیمی فائنل میں سعودی عرب کو عمان نے 1-2 سے شکست دے دی، عمان 4 جنوری کو بحرین سے فائنل کھیلے گا۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی کوچ ہروے رینارڈ نے ورلڈ کپ 2026 کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے 6 میں سے ایک میچ جیتنے کے بعد کویت میں  کھیلے جانے والے خلیج کپ کے لیے کامیابی کی امید ظاہر کی تھی۔
عمان کے ربیع العلوی کو میچ کے 34ویں منٹ میں سالم الدوسری کو خطرناک انداز سے روکنے پر ریڈ کارڈ دے کر گراؤنڈ سے باہر بھیج دیا گیا اور عمان کو زیادہ تر وقت 10 کھلاڑیوں سے کھیلنا پڑا۔
سعودی عرب کے فرانسیسی کوچ کی خواہش اس وقت دم توڑ گئی جب سعودی فالکنز میچ کے دوران اپنے ایک کھلاڑی کی برتری کا فائدہ بھی نہ اٹھا سکے۔
کویت سٹی کے سٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے سیمی فائنل میں سعودی تماشائی اس میچ میں آسان جیت کی امید کر رہے تھے جو کہ ناکام ثابت ہوئی۔
سعودی عرب  2004 کے بعد خلیج کپ جیتنے کی خواہش رکھتا تھا تاہم عمانی ٹیم نے ایک کھلاڑی کی کمی کے باوجود گرین فالکنز کی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔
عمان نے کھیل کے 74ویں منٹ میں میچ کا پہلا گول کر کے برتری حاصل کی جب ارشد العلوی نے ایک شاندار فری کک کے ذریعے گیند کو جال میں پھینک دیا۔
دوسرے ہاف کے وسط میں سعودی فارورڈ عبداللہ الحمیدان کا قریبی فاصلے سے گول آف سائیڈ قرار دیا گیا۔

سعودی تماشائی اس میچ میں آسان جیت کی امید کر رہے تھے۔ فوٹو ایکس گلف کپ

ہروے رینارڈ کی ٹیم نے میچ برابرکرنے کی کوشش میں دباؤ بڑھایا لیکن پانچ منٹ باقی رہنے پر عمانی فارورڈ علی البوسیدی کے ایک اور گول نے عمان کی برتری دوگنی کر دی۔
سیمی فائنل کا اہم میچ 0-2 پر ختم ہوتا دکھائی دے رہا تھا لیکن سعودی فارورڈ محمد کانو نے 87ویں منٹ میں خوبصورت گول کر کے سکور 1-2 کر دیا۔
ریاض کی الہلال کلب کے مڈفیلڈر محمد کانو  نے خوبصورت اور لمبی کک کے ذریعے گیند کو شاندار طریقے سے گول میں پہنچایا اور سعودی تماشائیوں کو خوشی کا موقع فراہم کیا تاہم اب کافی دیر ہو چکی تھی۔

سعودی فالکنز میچ میں ایک کھلاڑی کی برتری کا فائدہ نہ اٹھا سکے۔ فوٹو ایکس گلف کپ

اضافی وقت کے دسویں منٹ میں عبدالالہ ہوساوی کو ریڈ کارڈ دکھایا گیا جس سے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی تعداد 10-10  ہو گئی لیکن دباؤ کے باوجود سعودی ٹیم مزید گول کرنے میں ناکام رہی۔
خلیج کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بحرین میزبان کویت کو 0-1 سے شکست دے کر کامیاب ہوئی، ٹورنامنٹ کا فائنل سنیچر 4 جنوری کو عمان اور بحرین کے درمیان کھیلا جائے گا۔

شیئر: