Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خلیج کپ: سعودی عرب عراق کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

سعودی ٹیم منگل کو سیمی فائنل میں میزبان کویت سے مقابلہ کرے گی۔ فوٹو: واس
کویت میں کھیلے جانے والے 26 ویں خلیج کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں سعودی عرب نے عراق کو 1-3 سے شکست دے کر گروپ بی میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
عرب نیوز کے مطابق خلیج کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے سعودی عرب کو صرف ایک پوائنٹ کی ضرورت تھی اور ایک، ایک گول سے برابر میچ کے آخری مرحلے میں متبادل کھلاڑی عبداللہ الحمدان کے لگاتار دو گولز نے فتح یقینی بنا دی۔
میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے گول کرنے کے خوبصورت مواقع بنائے لیکن کوئی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔
دوسرے ہاف کے 10 ویں منٹ میں سعودی ٹیم کو اس وقت برتری حاصل ہوئی جب کھیل کے 57 ویں منٹ میں سالم الدوسری نے پینلٹی کک پر پہلا گول کر دیا۔
سالم الدوسری 2022 میں ایشیا کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے اعتماد کے ساتھ گول کر کے اپنی ٹیم کو اہم برتری دلائی۔
میچ کے 64 ویں منٹ کے بعد عراق کے ممہند علی نے گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا اور دفاعی چیمپئنز کو نئی امید دلا دی۔
سٹیڈیم میں موجود سعودی شائقین میچ کے 80 ویں منٹ تک بے چینی محسوس کر رہے تھے لیکن اختتام سے 9 منٹ قبل سعودی ٹیم نے 81 ویں اور 86 ویں منٹ میں لگاتار دو گول کر کے برتری یقینی بنا لی۔

بحرین کی ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔ فوٹو: واس

میچ کے اس نتیجے کے بعد سعودی عرب 6 پوائنٹس کے ساتھ گروپ بی سے سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔
گروپ بی کے آخری میچ میں بحرین کی ٹیم یمن سے 1-2  سے ہارنے کے باوجود 6 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔

ٹورنانمٹ کا فائنل جمعہ 3 جنوری کو کھیلا جائے گا۔ فوٹو: واس

گروپ اے سے عمان اور کویت کی ٹیمیں پانچ، پانچ پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچی ہیں۔
سعودی ٹیم منگل 31 دسمبر کو سیمی فائنل میں میزبان کویت سے مقابلہ کرے گی جب کہ اسی روز دوسرے سیمی فائنل میں بحرین گروپ اے کے فاتح عمان کے مدمقابل ہو گا۔
ٹورنانمٹ کا فائنل جمعہ 3 جنوری کو کھیلا جائے گا۔
 

شیئر: