سعودی فارورڈ صالح الشہری انجری کے باعث گلف کپ سے باہر
سعودی فارورڈ صالح الشہری انجری کے باعث گلف کپ سے باہر
منگل 24 دسمبر 2024 14:35
سعودی عرب کو بحرین کے خلاف ابتدائی میچ میں 3-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی قومی فٹبال ٹیم کے فارورڈ کھلاڑی صالح الشہری 26ویں گلف کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے باقی میچوں سے باہر ہو گئے ہیں، ٹورنامنٹ 3 جون تک کھیلا جائے گا۔
عرب نیوز کے مطابق قومی ٹیم کے فرانسیسی ہیڈ کوچ نے یہ فیصلہ کرتے ہوئے بتایا ہے، سٹرائیکر گذشتہ روز اتوار کو بحرین کے خلاف گلف کپ کا سعودی عرب کا ابتدائی میچ کھیلتے ہوئے زخمی ہو گئے تھے۔
ہیڈ کوچ ہروے رینارڈ نے طبی رپورٹوں کی تصدیق کے بعد ٹیم کے اہم کھلاڑی کو علاج اور مکمل صحت یابی کے لیے ٹیم کے تربیتی کیمپ سے آف کیا ہے تا کہ صالح گھر جا کر مکمل آرام کریں۔
سعودی عرب کو بحرین کے خلاف میچ میں 3-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ الشہری حالیہ مہینوں میں بہترین کارکردگی کے باعث ٹیم کے لیے اہم کھلاڑی ثابت ہوئے ہیں، انہوں نے بحرین کے خلاف میچ میں ایک گول کیا۔
صالح الشہری کی عدم موجودگی ٹیم کے لیے ایک بڑا دھچکہ ثابت ہوگی کیونکہ وہ بدھ کو کویت کے جابر سٹیڈیم میں یمن کے خلاف کھیلے جانے والے خلیج کپ کے میچ میں اپنی ٹیم کے ساتھ نہیں ہوں گے۔
کوچ ہروے رینارڈ نے پیر کی شام تربیتی سیشن کے دوران ٹیم کو دو گروپوں میں تقسیم کر کے مشقیں کرائیں۔