Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی فٹبال سٹار سالم الدوسری اسلام آباد میں، ’میں پیارے پاکستان میں بہت خوش ہوں‘

سالم الدوسری نے فیفا ورلڈ کپ 2022 میں تاریخ رقم کی (فوٹو: اے ایف پی)
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوالیفائر راؤنڈ 2 میں جمعرات کو سعودی عرب اور پاکستان کی ٹیمیں پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد کے جناح سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔
سعودی عرب کی ٹیم بدھ کے روز اسلام آباد پہنچ چکی ہے جس کا سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے استقبال کیا۔
پاکستان آمد کے بعد سعودی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں نے پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کیا۔
سعودی فٹ بال ٹیم کے مایا ناز کھلاڑی سالم الدوسری نے پاکستان میں کھیلنے کے متعلق اپنے جذبات کا اظہار اپنے ٹویٹ میں کچھ یوں کیا کہ ’میں پیارے پاکستان میں بہت خوش ہوں۔ کل جناح سٹیڈیم میں ملاقات کا میں منتظر ہوں۔‘

سالم الدوسری کون ہیں؟

سالم الدوسری کا نام جب بھی آتا ہے تو شائقین فٹ بال کی توجہ فوراً فیفا ورلڈ کپ 2022 کے اس میچ کی طرف جاتی ہے جس میں سالم الدوسری نے شاندار گول کر کے عالمی چیمپئن ارجنٹائن کو دو ایک سے شکست دینے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

’میں پیارے پاکستان میں بہت خوش ہوں، کل جناح سٹیڈیم میں ملاقات کا منتظر ہوں‘ (فوٹو: سکرین گریب)

اس تاریخی فتح کے بعد سالم الدوسری سعودی فٹ بال شائقین کے ہیرو بن گئے۔
32 سالہ سالم الدوسری 19 اگست 1991 کو سعودی عرب کے شہر وادی الدوا سیر میں پیدا ہوئے۔
سالم الدوسری نے اپنے کیریئر کا آغاز الریاض کے الشباب کلب سے کیا تھا اور اس کے بعد وہ الہلال کا بھی حصہ رہے۔ انہوں نے اپنے انٹرنیشنل فٹ بال کیرئیر کا آغاز 2012 میں آسٹریلیا کے خلاف میچ میں کیا جس میں انہوں نے ایک گول بھی کیا۔ فیفا ورلڈ کپ 2014 کوالیفائرز راؤنڈ میں الدوسری نے سعودی نیشنل ٹیم کی نمائندگی کی جبکہ فیفا ورلڈ کپ 2018 کے لیے سعودی عرب کی ٹیم کا حصہ رہے۔
سالم الدوسری نے اب تک 97 میچز میں حصہ لے کر 104 گولز سکور کیے ہیں۔
اسلام آباد پہنچنے کے بعد صالم نے اپنے ننھے پاکستانی فین سے ملاقات کی اور شرٹ تحفے میں دی، واضح رہے کہ پاکستانی بچے نے ویڈیو پیغام میں ان سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
 

 

شیئر: